ایئرپورٹس اب صرف سفر کی روانگی یا آمد کے مقام نہیں رہے، بلکہ جدید دور میں یہ خود سیاحتی مقامات کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔ سہولیات، صفائی، دلفریب ماحول اور مسافروں کی آسانی کے باعث کئی ہوائی اڈے دنیا بھر کے بہترین ہوائی اڈوں کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا اسکردو سمیت تمام ایئرپورٹس پر بہترین سہولیات مہیا کرنے کا حکم
ہرسال ایوی ایشن کنسلٹنگ کمپنی سکائی ٹریکس دنیا کے بہترین ہوائی اڈوں کی فہرست جاری کرتی ہے، جو مسافروں کے تاثرات اور تجربات کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے۔ 2025 کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جو ہوائی اڈوں کی صفائی، رسائی میں آسانی، خریداری و کھانے پینے کی سہولیات اور مجموعی خدمات جیسے عوامل کو مدنظر رکھ کر مرتب کی گئی ہے۔
2025 میں دنیا کے بہترین ہوائی اڈوں کی فہرست اور ان کی چیدہ خصوصیات ذیل میں دی گئی ہیں۔
سنگاپور چانگی ایئرپورٹ
دنیا کے بہترین ایئرپورٹس کی فہرست میں سرفہرست سنگاپور کا ہوائی اڈہ رہا، جو اپنی منفرد اور شاندار سہولیات کے باعث ہمیشہ اعلیٰ درجہ پر رہتا ہے۔
یہاں موجود مشہور کمپلیکس، دنیا کا سب سے اونچا اندرونی آبشار، خوبصورت باغات اور تفریحی سرگرمیاں اسے دنیا بھر میں ممتاز بناتی ہیں۔
حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، قطر
قطر(دوحہ) کا یہ ہوائی اڈہ جدید طرزِ تعمیر اور ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔ مہنگی خریداری کی سہولیات اور اندرونِ ایئرپورٹ موجود سرسبز باغات اسے دنیا کے خوبصورت ترین ہوائی اڈوں میں شمار کرتے ہیں۔
جاپان کا ہنیڈا ایئرپورٹ
یہ جاپان کا سب سے مصروف ہوائی اڈہ ہے، جو صفائی، خصوصی افراد کے لیے سہولیات، خاموش بیٹھنے کے مقامات، مختلف اقسام کے کھانے اور بہترین انتظامی ڈھانچے کے باعث ممتاز مقام رکھتا ہے۔
جنوبی کوریا کا انچیون ایئرپورٹ
یہ ہوائی اڈہ جدید سہولیات اور کوریائی ثقافت کا امتزاج پیش کرتا ہے۔ یہاں آئس اسکیٹنگ رِنک، ثقافتی شوز، آرٹ سرگرمیاں اور تیز رفتار ٹرین سروسز موجود ہیں۔ اس کی منظم ترتیب اور خوش اخلاق عملہ مسافروں کو متاثر کرتا ہے۔
جاپان کا ناریتا ایئرپورٹ
یہ ہوائی اڈہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے جاپان کے بڑے مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ مسافروں کو یہاں روایتی جاپانی فنون، کبوکی پرفارمنس اور قیام کے لیے کم خرچ ہوٹل سہولیات بھی میسر ہیں۔