خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں چیئر لفٹ میں 2 افراد پھنس گئے، جنہیں 45 منٹ کے آپریشن کے بعد بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے علاقہ آئین ڈپو کے مقام پر چیئر لفٹ میں 2 افراد اچانک پھنس گئے، جنہیں ریسکیو ٹیم نے 45 منٹ کے آپریشن کے بعد بحفاظت ریسکیو کر لیا ۔
ریسکیو 1122 کے حکام نے بتایا کہکنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ آئین ڈپو کے مقام پر چیئر لفٹ میں 2 افراد پھنس گئے ہیں جنہیں فوری ریسکیو کرنے کی ضرورت ہے۔
حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ٹیم اور دیگر اہلکار فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جہاں ڈیزاسٹر اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے 40 سالہ شفیق اور 38 سالہ ظاہر شاہ نامی شخص کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
چئیر لفٹ دریائے سوات پر قائم ہے جبکہ 45 منٹ میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رواں ماہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بٹگرام میں ڈولی کا رسہ ٹوٹنے کے نتیجے میں 8 افراد پھنس گئے تھے، جنہیں پاک آرمی اور مقامی افراد کی مدد سے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد ریسکیو کیا گیا تھا۔