ایمسٹرڈیم میں صہیونیوں پر حملے، اسرائیل کو طیارے بھیجنا پڑے، شہریوں کو اسرائیلی شناخت چھپانے کی ہدایت

جمعہ 8 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں یوروپا لیگ فٹ بال میچ سے قبل اور بعد میں صہیونی شہریوں اور فلسطینی عوام کے حامیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد اسرائیل کو اپنے شہریوں کی حفاظت اور انخلا کے لیے طیارے بھیجنے پڑے، اسرائیل نے ایمسٹرڈیم میں اپنے شہریوں کو باہر نہ نکلنے اور اسرائیلی شناخت چھپانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

جمعرات کو یہ پر تشدد فسادات اور جھڑپیں اس وقت پھوٹ پڑیں جب ایمسٹرڈیم میں ہوم ٹیم اجیکس اور میکابی تل ابیب فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں اجیکس نےصفر کے مقابلے میں 5 گول سے کامیابی حاصل کی۔

ایمسٹرڈیم پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کے نتیجے میں 5 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا اور 62 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کے 2 شہری لاپتا ہیں، زخمیوں میں زیادہ تعداد صہیونی شہریوں کی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں ٹیموں کے شائقین 7 نومبر کو میچ کے لیے ایمسٹرڈیم کے گراؤنڈ میں جمع ہوئے تھے کہ صہیونی باشندوں نے ایک عمارت پر لہرانے والے فلسطینی پرچم کو پھاڑ کر پھینک دیا، جس کے بعد فلسطین کے حامی افراد نے صہیونی باشندوں پر دھاوا بول دیا اور فسادات بھڑک اٹھے۔

ڈچ میڈیا کے مطابق پرتشدد جھڑپیں آدھی رات کے قریب شروع ہوئیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تشدد کی غیر مصدقہ تصاویر کی بھرمار ہے، لیکن جھڑپوں کی تصدیق شدہ تفصیلات بہت کم مل رہی ہیں۔

میڈیا رپوٹس کے مطابق شہر کے مرکز میں متعدد جھڑپیں ہوئیں ہیں اور اس دوران مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ کی کارروائیاں بھی کی گئیں ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں کمک بھی طلب کی گئی ہے، نوجوانوں نے مبینہ طور پر پولیس کو بھی صہیونیوں کے خلاف اکسایا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اسرائیلی فٹبال شائقین کو وطن واپس لانے کے لیے 2 طیارے ہالینڈ بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

ہالینڈ کے وزیر اعظم ڈک شوف نے ’اسرائیلیوں پر یہودی مخالف حملوں‘ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے واقعات قطعاً قابل قبول نہیں ہیں۔

ادھر اسرائیلی حکام نے ایمسٹرڈیم میں اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ہوٹلوں میں رہیں اور اگر وہ باہر نکلتے ہیں تو اپنے اسرائیلی ہونے کی شناخت کو چھپانے کی کوشش کریں۔ اپنے شہریوں کے لیے پریشان اسرائیل کے نئے وزیر خارجہ گیڈون سار نے ’فوری‘ایمسٹرڈیم کے دورے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی فٹ بال کلب کے دورے کے خلاف اسٹیڈیم کے قریب فلسطینیوں کی حمایت میں ایک ریلی منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن ایمسٹرڈیم سٹی کونسل نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسے منتقل کردیا۔

ایمسٹرڈیم میں ہونے والے تشدد کے نتیجے میں یورپی فٹ بال کی تنظیم یوئیفا کی جانب سے رواں ماہ منعقد ہونے والے 2 میچوں کی سیکیورٹی کا بھی از سر نو جائزہ لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ فٹ بال سے جڑے ایک اور ممکنہ فلیش پوائنٹ میں فرانس میں اگلے ہفتے نیشنز لیگ میں اسرائیل کا مقابلہ ہونے جا رہا ہے، اس دوران بھی فسادات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

یوئیفا نے اب میکابی تل ابیب کے اگلے یوروپا لیگ میچ کو ترک کلب بیشکتاس کے ساتھ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جو اصل میں 28 نومبر کو استنبول میں کھیلا جانا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp