پاکستان تحریک انصاف 24 نومبر کو اسلام آباد میں عمران خان کی ہدایت پر فائنل احتجاج کرنے جارہی ہے، اس حوالے سے صوبہ پنجاب میں پی ٹی آئی رہنما سوشل میڈیا پر آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔
ذرائع پاکستان تحریک انصاف نے بتایا کہ گھر گھر رابطہ مہم کہیں کی گئی تو کہیں ممکن نہ رہی، خواتین باہر نکلی ہیں اور انہوں نے فائنل احتجاج کے حوالے سے پمفلٹ تقسیم کیے ہیں، پارٹی کے اراکین اسمبلی اورعہدیداروں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے گھرگھر رابطہ مہم میں حصہ نہیں لیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی اور حکومت کے مابین رابطوں اور ملاقاتوں کا آغاز، کیا 24 نومبر کا احتجاج منسوخ ہوجائیگا؟
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کارکنان کی قیادت لاہور سے سلمان اکرم راجہ اور پی ٹی آئی لاہورکے صدرشیخ امتیاز کریں گے جبکہ باقی ماندہ پنجاب کے ہرحلقے کا ایم این اے اور ایم پی اے مختلف قافلوں کی سربراہی کریں گے۔
لاہورمیں پارٹی کارکنان کو ٹھوکرنیازبیگ، بابو صابو، شاہدرہ اورریلوے اسٹیشن پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 24 نومبرکوہرحال میں احتجاج کے لیے نکلنا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں رینجرز اور ایف سی تعیناتی کی منظوری، خصوصی اختیارات تفویض
’ضروری نہیں کہ پنجاب یا لاہور سے نکلنے والے قافلے 24 نومبر کوہی پہنچیں، احتجاج کے لیے نکلے قافلوں کو اسلام آباد پہنچنے میں 2 یا 3 روز لگ سکتے ہیں لیکن احتجاج کے متعین کردہ مقام پر پہنچنا ضروری ہے۔‘
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ مظاہرین کو جہاں پر پولیس روکنے کی کوشش کرے گی وہاں پر قانون نفاذ کرنے والے اداروں کو بھر پور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کی 24 نومبر کو احتجاج کی کال مناسب نہیں، مولانا فضل الرحمان بھی بول پڑے
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ اس وقت ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کافی پریشانی کا سامنا ہے، کوئی ٹرانسپورٹرگاڑی، بس اور ویگن دینے کے لیے تیار نہیں ہے، بیشترٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں دینے سے انکار کردیا ہے۔
’اس لیے کارکنوں کو اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں کے ذریعے پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، اکتوبرمیں جب ڈی چوک پر احتجاج کے لیے گئے تھے تو واپسی پرکئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا ایک گاڑی کو آگ لگا دی گئی تھی، جس پر ٹرانسپورٹرز کو نقصان ہوا تھا۔‘
مزید پڑھیں: عمران خان 24 نومبر کا احتجاج خود لیڈ کریں گے، علیمہ خان نے ایسا کس بنیاد پر کہا؟
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ اگر 24 نومبر کو پبلک ٹرانسپورٹ بند نہ ہوئی تو تو کارکنان پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے پہنچنے کی کوشش کریں گے، کچھ کارکنان بذریعہ ٹرین راولپنڈی جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل لاہور میں پولیس کی جانب سے جاتی امرا روڈ پر کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ جاری ہے، پولیس نے جاتی امرا مل چوک پر بڑی تعداد میں کنٹینرز پکڑ لیے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف 24 نومبر کی احتجاجی کال واپس لینے کے لیے تیار
ایک طرف جہاں انتظامیہ کی جانب سے کنٹینروں کی پکڑدھکڑ سے 24 نومبر کے احتجاج سے نمٹنے کی تیاریوں کا اندازہ ہوتا ہے وہیں پی ٹی آئی کی قیادت بھی احتجاج کے ضمن میں پرعزم دھائی دیتی ہے۔
’احتجاج میں شامل ہونے کی ہماری تیاریاں مکمل ہیں، کسی اوچھے ہتکھنڈوں سے ہم رکنے والے نہیں ہیں۔‘