اتحاد تنظیمات مدارس کا اعلامیہ متفقہ نہیں، ہمارا موقف شامل نہیں کیا گیا: رابطۃ المدارس

منگل 17 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رابطۃ المدارس اسلامیہ پاکستان  کے ناظم اعلیٰ اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر عطا الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس کے اجلاس میں ہمیں بتایا گیا کہ پریس کانفرنس میں متفقہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، لیکن ہمارے جانے کے بعد پریس کانفرنس کی گئی اور اس میں ہمارے موقف کو شامل نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹر عطا الرحمان نے بتایا کہ 16دسمبرکو اسلام آباد میں مدارس رجسٹریشن کے معاملہ پر اتحاد تنظیمات مدارس کے اجلاس کی قیادت کے علاوہ جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وفاق المدارس العربیہ کے ذمہ داران اور مولانا فضل الرحمان کا موقف یہ تھا کہ 26ویں آئینی ترمیمی بل کے موقع پر 1860سوسائٹی ایکٹ کے تحت مدارس رجسٹریشن کا بل دونوں ایوانوں سے پاس ہوا تھا۔ اس بل پر صدر مملکت کے اعتراض کے جواب دیے جانے کے بعد یہ بل اب ایکٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ لہٰذا اب اس ایکٹ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیےمدارس بل کا معاملہ: وفاق المدارس کا ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں رابطۃ المدارس اسلامیہ پاکستان کے صدر مولانا عبدالمالک اور ناظم اعلیٰ مولانا ڈاکٹر عطا الرحمان نے موقف اختیار کیا کہ اب اگر پارلیمنٹ کے ذریعے اس بل میں ترمیم کر کے سوسائٹی ایکٹ کے ساتھ وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کا آپشن دیا جاتا ہے تو ہمیں اس ترمیم میں تعاون کرنا چاہیے۔

یہ اتحاد تنظیمات مدارس کی طرف سے سوسائٹی ایکٹ اور وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کا اختیار اتحاد تنظیمات مدارس کے پیش کردہ اصل ڈرافٹ کا حصہ بھی تھا۔ یہ موقف اجلاس میں موجود دیگر بعض ذمہ داران کا بھی تھا۔

یہ بھی پڑھیےمدارس بل ایکٹ بن چکا، گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے،اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ

ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس کے اجلاس میں ہمیں بتایا گیا کہ پریس کانفرنس میں متفقہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، لیکن ہمارے جانے کے بعد پریس کانفرنس کی گئی اور اس میں ہمارے موقف کو شامل نہیں کیا گیا۔

رابطۃ المدارس کے ذمہ داران کا موقف یہ ہے کہ رجسٹریشن کے معاملہ میں وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کا آپشن ان دیگر مدارس کے لیے باعث اطمینان ہوگا جنھوں نے پہلے ہی وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کر لی ہے اور رجسٹریشن کے اسی نظام کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp