ایک اور مذہبی جماعت نے کراچی میں 60 مقامات پر دھرنے دے دیے

منگل 31 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پارا چنار میں سڑک کی بندش کے خلاف کراچی میں کئی روز سے متعدد مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام متاثر ہے، پولیس کی جانب سے راستے کھلوانے کی کوشش کے دوران صورتحال کشیدہ نظر آئی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی جب کہ مظاہرین کی جانب سے بھی پتھراؤ کیا گیا۔

پارا چنار میں مظاہرین سے یکجہتی اور سڑک کی بندش کے خلاف مجلسِ وحدت المسلمین کی جانب سے کراچی میں دھرنے دیے گئے ان دھرنوں کے ردِعمل میں اہلسنت و الجماعت نے بھی منگل کو شہر کے مختلف مقامات پر احتجاج شروع کر دیا ہے،2 مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے.

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت نے مختص جگہوں پر دھرنوں کی اجازت دے رکھی ہے، دھرنے کی آڑ میں شہری و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم، متعدد افراد گرفتار

ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق کارکنان نے کراچی میں 60 مقامات پر پرامن دھرنے دے دیے ہیں، عوامی دھرنوں میں راستوں پر ایمبولنسز کو راستہ دیا گیا ہے، دھرنوں کے دوران عوام کی مشکلات کا خیال رکھا جارہا ہے،  ہمارا مطالبہ ہے کہ پاراچنارمیں فوجی آپریشن شروع کیا جائے۔

مختلف شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند

مذہبی جماعتوں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں دھرنوں کے باعث عباس ٹاؤن کے قریب ابوالحسن اصفہانی روڈ کے دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہیں، ٹریفک پولیس کے مطابق نواب صدیق علی خان روڈ ناظم آباد نمبر ایک کےدونوں ٹریک کامران چورنگی سے موسمیات جانے والی روڈ،  نمائش چورنگی، انچولی شاہراہ پاکستان کی طرف سےسہراب گوٹھ جانے والی سڑکیں بند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 10 سے زیادہ مقامات پر مذہبی جماعت کے دھرنے جاری، شہریوں کو مشکلات

ٹریفک پولیس کے مطابق لسبیلہ سےگرو مندرآنے اور جانے والی روڈ،  گلبائی سے پراچہ چوک جانے والی سڑک، شاہراہ لیاقت روڈ فریسکو چوک، ناگن چورنگی بس اسٹاپ سے سخی حسن اور سہراب گوٹھ پر بولٹن مارکیٹ سے آنے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

حسن اسکوائر ، عیسی نگری ، عوامی مرکز، بلوچ کالونی، کورنگی ایکسپریس وے ، قیوم آباد ، کورنگی ندی، کورنگی روڈ ، انڈسٹریل ایریا پر ٹریفک جام ہے۔

اسٹیڈیم روڈ ، یونیورسٹی روڈ، شارع فیصل پر عوامی مرکز ، بلوچ کالونی ، نرسری فائن ہاوس پر ٹریفک کا شدید دباو کا سامنا ہے جبکہ نمائش چورنگی کے اطراف گرومندر، ایم اے جناح روڈ ، سولجر بازار، کشمیر روڈ، کیپری سینما، سی بریز پلازہ پر، کھارادر، آئی آئی چندریگر روڈ ، شاہین کمپلیکس، آرام باغ ، لائٹ ہاوس ، جامع کلاتھ پر ٹریفک جام ہے۔

’جن دوستوں نے دھرنے دیے ہوئے ہیں ان کا مقصد احتجاج کرنا ہے‘

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہناہے کہ پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے، پارا چنار کی صورتحال پر سب افسردہ ہیں، دنیا کا کوئی مذہب کوئی فرقہ یہ نہیں کہتا کہ کوئی ایسا کام کریں کہ دوسروں کو تکلیف ہوجن دوستوں نے دھرنے دیے ہوئے ہیں ان کا مقصد احتجاج کرنا ہے وہ ریکارڈ ہوچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp