پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ کے ساتھ مل کر ملتان، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور کراچی میں کامیاب چھاپے مارے، جن میں ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی، پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی سمیں قبضے میں لے لی گئیں۔
ملتان میں 5 چھاپوں کے دوران 7,064 سمیں برآمد ہوئیں اور 8 افراد گرفتار کیے گئے۔ لاہور اور گوجرانوالہ میں مجموعی طور پر 252 سمیں قبضے میں لی گئیں، جبکہ دونوں دکاندار موقع پر ہی گرفتار کر لیے گئے۔ راولپنڈی میں متعدد غیر قانونی سمیں برآمد ہوئیں، جن میں حالیہ کارروائیوں کے دوران 335 یو کے سمز بھی شامل ہیں۔ کراچی میں 10 سمز برآمد ہوئیں اور دکاندار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی سموں کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے عوام سے اپیل ہے کہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کی شکایات پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk کے ذریعے درج کروا کر محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔