لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، اہم غیر ملکی کھلاڑی چھوڑ کر چلا گیا

پیر 19 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم ترین میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا اور یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلا موقع رہا جب پشاور زلمی اگلے راؤنڈ میں پہنچنے میں ناکام رہی۔

پلے آف کے اہم ترین مرحلے میں ہر ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اس کے اہم کھلاڑی نہ صرف ٹیم کا حصہ رہیں بلکہ اچھا پرفارم بھی کریں تاکہ ٹیم کی کامیابی یقینی ہوسکے، تاہم اس موقع پر لاہور قلندرز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اس کے آل راؤنڈر سکندر رضا کو ملکی ذمہ داریوں کے سبب لیگ چھوڑ کر جانا پڑا۔

واضح رہے کہ سکندر رضا انگلینڈ روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ زمبابوے کی نمائندگی کرتے ہوئے میزبان ملک کے خلاف ایک تاریخی ٹیسٹ میچ میں شرکت کریں گے۔ یہ ٹیسٹ میچ 2003 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب زمبابوے کی ٹیم انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گی، جبکہ 2004 کے بعد پہلی بار زمبابوے کی کسی ٹیم کی انگلش سرزمین پر کسی بھی فارمیٹ میں شرکت ہے۔

سکندر رضا کا چلے جانا اس لیے قلندرز کے لیے بڑا دھچکا ہے کہ راؤنڈ میچوں میں انہوں نے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ آل راؤنڈر نے 10 میچوں میں 232 رنز بنائے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 162.23 رہا۔ انہوں نے 2 نصف سنچریاں اسکور کیں اور کئی اہم مواقع پر فیصلہ کن اننگز کھیلیں، جن کی بدولت شاہین آفریدی کی قیادت میں قلندرز نے پلے آف مرحلے میں جگہ بنائی۔

لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز سمین رانا نے سکندر رضا کی رخصتی کے موقع پر ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’سکندر رضا صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔ ان کی وابستگی، جذبہ اور توانائی نے ٹیم کے ہر فرد کو متاثر کیا۔ ہم ان کی کمی شدت سے محسوس کریں گے، لیکن ساتھ ہی ہمیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ وہ اپنی قوم کی نمائندگی کے لیے جا رہے ہیں‘۔

دوسری طرف سکندر رضا نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’لاہور قلندرز میرے دل کے بہت قریب ہے اور الوداع کہنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا لیکن قومی ذمہ داری سب سے پہلے ہے اور مجھے زمبابوے کی نمائندگی کا فریضہ سرانجام دینا ہے۔ میں دور سے ہر گیند پر نظر رکھوں گا اور اپنے بھائیوں کے لیے دعائیں کرتا رہوں گا۔ قلندرز ہمیشہ میرے دل میں رہیں گے‘۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز 22 مئی بروز جمعرات کو ایلیمینٹر کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گی اور اگر اس میچ میں اسے شکست ہوتی ہے تو وہ ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp