قومی اسمبلی میں فنانس بل 2025 منظور کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر بل میں شامل انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ترمیم منظور کر لی گئی۔
ترمیم کے تحت پراپرٹی کی فروخت پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں 1.5 فیصد اضافہ جبکہ پراپرٹی کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس میں 1.5 فیصد کمی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑا ریلیف؟ حکومت نے ٹیکس کی شرح گھٹا دی
ترمیم کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا جس کے بعد 5 کروڑ روپے تک کی پراپرٹی کی فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس 3 فیصد سے بڑھا کر 4.5 فیصد، 5 سے 10 کروڑ تک کی پراپرٹی کی فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس 3.5 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد جبکہ 10 کروڑ سے زائد کی جائیداد کی فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس 4 فیصد سے بڑھا کر 5.5 فیصد ہو گا۔
ترمیم کے بعد 5 سے 10 کروڑ روپے تک مالیت کی پراپرٹی خریدنے پر ودہولڈنگ ٹیکس 3.5 فیصد کے بجائے 2 فیصد، 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی پراپرٹی خریدنے پر ودہولڈنگ ٹیکس 4 فیصد سے کم ہو کر 2.5 فیصد ہو گا۔














