ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں ہلکی تو کہیں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مون سون: پنجاب میں بارشوں نے متعدد جانیں لے لیں، ملک بھر میں اب تک 150 سے زائد اموات

کراچی میں بھی آج سے پیر تک معتدل بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جبکہ موجودہ بارش برسانے والا سسٹم جنوبی پنجاب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

اتوار کے روز ملک میں ایک نیا اور مضبوط مون سون سسٹم داخل ہوگا، جس کے زیر اثر اسلام آباد، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر پی ڈی ایم اے نے 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے 18 اضلاع میں بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کے روز ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارش ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد جانوں کا ضیاع ہوا اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ کئی علاقوں میں نشیبی مقامات زیرِ آب آ گئے، جس سے شہری زندگی شدید متاثر ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp