اسرائیل نے ہماری طرف سے یرغمالیوں کی رہائی کی پیشکش مسترد کر دی، حماس کا دعویٰ

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حماس کے القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت نے حماس کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کی پیشکش مسترد کر دی جس کے تحت تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو ایک ساتھ رہا کیا جانا تھا۔

ابو عبیدہ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ بات ہمارے لیے واضح ہو چکی ہے کہ نیتن یاہو کی مجرمانہ حکومت کو یرغمالیوں کی کوئی حقیقی پروا نہیں کیونکہ وہ زیادہ تر فوجی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حماس ایسا معاہدہ چاہتی ہے جو جنگ کا مکمل خاتمہ، اسرائیلی افواج کا انخلا اور فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھیے: غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کا امکان پھر خطرے میں: ٹرمپ پُرامید، حماس کا اسرائیل پر سخت الزام

ان کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل قطر میں جاری بالواسطہ مذاکرات سے پیچھے ہٹتا ہے تو حماس کسی بھی جزوی معاہدے، بشمول زیرِ غور 60 دن کے معاہدے جس میں 10 یرغمالیوں کی رہائی شامل ہے، کی واپسی کی ضمانت نہیں دیتی۔

حماس کے مطابق اب بھی تقریباً 50 یرغمالی غزہ میں موجود ہیں جن میں سے صرف 20 کے زندہ ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں کہا کہ مزید 10 یرغمالیوں کی رہائی جلد متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے زیادہ تر یرغمالیوں کو واپس لے لیا ہے۔ اگلے 10 بھی بہت جلد واپس آ رہے ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ یہ معاملہ جلد مکمل ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: زخم خوردہ مگر پسپا نہیں، حماس کی مہلک گوریلا جنگ جاری

حماس کے ترجمان نے عرب اور اسلامی دنیا کے رہنماؤں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خاموشی غزہ میں جاری نسل کشی پر مجرمانہ خاموشی ہے۔ تمہاری گردنیں ان معصوموں کے خون سے بوجھل ہیں جنہیں تمہاری خاموشی نے دھوکہ دیا۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ اسرائیل کا اصرار ہے کہ وہ غزہ پر اپنی عسکری گرفت قائم رکھے گا جبکہ حماس اسرائیل کا غزہ سے مکمل انخلا چاہتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp