رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں 2 اعزازات پاک فضائیہ کے نام، سربراہ پی اے ایف کی ٹیم کی تعریف

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ میں منعقدہ دنیا کے معتبر ترین ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں پاک فضائیہ (پی اے ایف) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 اعزازات اپنے نام کرلیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پاک فضائیہ کے C-130 طیارے نے ’کونکورز ڈی الیگینس‘ ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ جدید ترین JF-17 سی بلاک تھری لڑاکا طیارے کو ’اسپِرٹ آف دی میٹ‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

رائل انٹرنیشنل شو 2025 میں ایئر چیفس کانفرنس کے دوران پی اے ایف کی پیشہ ورانہ مہارت اور اس کے طیاروں کے دلکش رنگ و روپ کو عالمی فضائی افواج کے سربراہان کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

اس نمایاں کامیابی پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پی اے ایف کے دستے کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم کے پرچم کو بلند رکھنا ہمیشہ سے پاک فضائیہ کی پہچان رہا ہے۔ ان ایوارڈز کا حصول ہماری پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی صلاحیت اور معیار کی مسلسل جستجو کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے پوری ٹیم کی اس بات پر تعریف کی کہ انہوں نے فخر اور وقار کے ساتھ پاکستان کی اصل صلاحیت دنیا کے سامنے پیش کی۔

پاک فضائیہ کے جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیارے نے اس بین الاقوامی ایئر شو میں پہلی بار شرکت کی اور ’اسپِرٹ آف دی میٹ‘ ٹرافی حاصل کی۔ یہ اعزاز اُس طیارے کو دیا جاتا ہے جو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو کے جذبے، جوش اور روح کو سب سے بہتر انداز میں پیش کرے۔

یہ ٹرافی نہ صرف جے ایف 17 تھنڈر پروگرام کی تکنیکی برتری اور آپریشنل صلاحیت کی عکاس ہے، بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی فضائی مہارت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

پاکستان فضائیہ کے سی 130 ایچ ہرکولیس، جو اس سال کے تھیم ’آئیز اِن دی سکائز‘ کے مطابق خوبصورت اور منفرد انداز میں سجایا گیا تھا، نے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں بہترین دیکھ بھال اور سب سے خوبصورت انداز میں پیش کیے گئے طیارے کے لیے ’کنکورز ڈی الیگینس‘ ٹرافی اپنے نام کی۔

پاک فضائیہ کو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں شاندار کامیابیوں کی ایک بھرپور تاریخ حاصل ہے، جس کے تحت وہ 2006، 2016 اور 2018 میں بھی کئی اعزازات جیت چکی ہے۔ اس سال کی کامیابی نہ صرف پاک فضائیہ کی عالمی سطح پر اعلیٰ ساکھ کو مزید مستحکم کرتی ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے فخر کا باعث بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp