شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار قیصر خان نظامانی کا کہنا ہے کہ ایک پرواز کے دوران طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم اللہ کے کرم سے حادثے سے محفوظ رہا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر دو طیاروں سے پرندے ٹکرا گئے، انتظامیہ متحرک
قیصر نظامانی کے مطابق، وہ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز میں سوار تھے کہ طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا، لیکن پائلٹ کی حاضر دماغی کی بدولت مسافروں کو کسی بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
اداکار نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں پرندوں کو دانہ نہ ڈالیں، تاکہ ایسے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید درخواست کی کہ ایئرپورٹ کے اردگرد کچرا اور گوشت کی باقیات پھینکنے سے گریز کیا جائے کیونکہ یہی چیزیں پرندوں کو متوجہ کرتی ہیں، جو پروازوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق یہ نجی ایئرلائن کی پرواز تھی جو لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی تھی، لیکن ٹیک آف سے قبل رن وے پر طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ایئرلائن حادثے سے بچ گئی، پرندہ ٹکرانے سے انجن متاثر
واقعے کے بعد پرواز کو فوری طور پر واپس لا کر پارکنگ پر کھڑا کیا گیا اور تکنیکی ٹیم نے طیارے کا معائنہ شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق، طیارے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔