سری لنکا کی جانب سے ون ڈے سیریز جاری رکھنے کے اقدام پر قومی کرکٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ قابلِ تحسین ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان کرکٹ کے ساتھ یکجہتی اور تعاون پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ شائقین زییادہ سے زیادہ تعداد میں باقی کے 2 میچز دیکھنے آئیں، یہ میچر 14 نومبر اور 16 نومبر کو راولپنڈی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’بھارتی ہاتھ سے انکار نہیں‘، سری لنکن ٹیم کے واپس جانے کے عندیہ کے پیچھے آئی پی ایل کا کیا کردار ہے؟
ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
سلمان علی آغا نے بھی راولپنڈی اور اسلام آباد کے کرکٹ شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں میچز دیکھنے آئیں، یہ پاکستان کی جیت ہے۔
وکٹ کیپر محمد رضوان نے کہا کہ وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا، اس سے پوری دنیا میں کرکٹ کی جیت ہوئی ہے، اگر ہم اسی طرح ایک دوسرے کو اسپورت کرتے رہیں گے تو کرکٹ اسی طرح پوری دنیا میں قائم ہو دائم رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کو شکست، سری لنکن ٹیم پاکستان میں سیریز جاری رکھنے پر راضی
فاسٹ بولر محمد حارث نے کہا کہ وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں کہ جس نے پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کی کرکٹ اور خاص کر پاکستانی نوجوانوں کا ساتھ دیا، آپ نے پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل محفوظ کیا، یہ آپ کو بہت بڑا قدم تھا جس کو یاد رکھا جائے گا۔
اسپنر ابرار احمد نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے کرکٹ کی جیت ہوئی ہے، ہم آپ کے اس فیصلے کو بہت سراہتے ہیں۔













