وزارتِ خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل پاکستان کی جانب سے سری لنکا کیلئے بھیجی جانے والی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کو روک رہا ہے۔
جس کے باعث خصوصی طیارہ 60 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے اور بھارتی کلیئرنس کا منتظر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سری لنکن عوام کے لیے فوری امداد روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کا سری لنکا میں سیلاب ریسکیو آپریشن جاری، متاثرہ خاندان کی محفوظ منتقلی
تاہم بھارتی حکام کی جانب سے تاخیر نے اس اقدام کو شدید متاثر کیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ بھارت نے 48 گھنٹے کے بعد جزوی پرواز کلیئرنس تو جاری کی، لیکن وہ ’عملی طور پر ناقابلِ استعمال‘ تھی کیونکہ اس کی مدت صرف چند گھنٹوں تک محدود رکھی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق اس ضمن میں واپسی کی پرواز کے لیے کوئی اجازت شامل نہیں تھی۔
مزید پڑھیں:پاک بحریہ کی جانب سے سری لنکا میں امدادی کارروائیاں جاری
وزارتِ خارجہ کے مطابق اس غیر مؤثر کلیئرنس نے سری لنکا کے بھائی چارے کے جذبے کے تحت کی جانے والی ہنگامی امدادی کوششوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
پاکستان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ بھارت انسانی بنیادوں پر تعاون کرے اور فلائٹ کلیئرنس کی رکاوٹ فوری طور پر دور کرے تاکہ امدادی سامان سری لنکا کے سیلاب متاثرین تک بروقت پہنچایا جا سکے۔














