بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی طلبہ تنظیم بنگلہ دیش جاتیاتابادی چھاترا دل (JCD) نے الیکشن کمیشن (ای سی) کے متنازع فیصلوں اور مبینہ جانبداری کے خلاف دوسرے روز بھی اپنا احتجاج جاری رکھا۔
پیر کو ہزاروں طلبہ کارکنان نے اگرگاؤں، ڈھاکا میں واقع الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹرز کا گھیراؤ کیا۔
چھاترا دل کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے 3 بنیادی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیش: پارٹی لائن کی خلاف ورزی پر بی این پی سے 9 سینیئر رہنماؤں کا اخراج
اتوار کو سینکڑوں کارکنان نے صبح 11 بجے سے شام تقریباً 8 بجے تک الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دیا تھا، جس کے اختتام پر تنظیم کے صدر رقیب الاسلام نے اعلان کیا تھا کہ احتجاج پیر کو بھی جاری رہے گا۔
اعلان کے مطابق پیر کو ساڑھے 11 بجے کے قریب مظاہرین دوبارہ جمع ہونا شروع ہوئے۔ احتجاج میں مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔
چھاترا دل کی مرکزی قیادت، جن میں صدر اور جنرل سیکریٹری بھی شامل تھے، احتجاجی مظاہرے میں موجود رہی۔
چھاترا دل کے 3 بنیادی مطالبات
چھاترا دل نے الیکشن کمیشن کے سامنے 3 اہم مطالبات رکھے ہیں۔
1۔ پوسٹل بیلٹ سے متعلق فیصلے
تنظیم کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ کے معاملے میں جانبدارانہ اور مشکوک فیصلے کیے ہیں، جس سے انتخابی عمل کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔
2۔ الیکشن کمیشن پر سیاسی دباؤ
چھاترا دل کا دعویٰ ہے کہ الیکشن کمیشن کسی خاص سیاسی جماعت کے دباؤ میں آ کر عجلت اور غیر دانشمندانہ فیصلے کر رہا ہے، جو اس کے وقار، آزادی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
3۔ شاہ جلال یونیورسٹی طلبہ یونین الیکشن
تنظیم نے شاہ جلال یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SUST) کے طلبہ یونین انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو’متنازع ‘ قرار دیا۔
چھاترا دل کے مطابق یہ اقدام بھی ایک مخصوص سیاسی جماعت کے اثر و رسوخ کے تحت کیا گیا، جو کیمپس میں جمہوری عمل کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے باہر کشیدہ صورتحال
احتجاج کے پیشِ نظر سیکیورٹی فورسز نے الیکشن کمیشن کے مرکزی دروازے پر بیریئرز لگا دیے، جبکہ چھاترا دل کے کارکنان نے سامنے والی سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر رہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے ڈھاکا میں طلبا اور تاجروں کا احتجاج، سڑکیں بند، ٹریفک نظام مفلوج
اتوار کی شام چھاترا دل کے 5 رکنی وفد نے الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
اگرچہ الیکشن کمیشن نے مطالبات پر غور کی یقین دہانی کرائی، تاہم چھاترا دل کے رہنماؤں کے مطابق کوئی عملی پیش رفت نہ ہونے کے باعث پیر کو احتجاج دوبارہ شروع کیا گیا۔
صورتحال بدستور کشیدہ
الیکشن کمیشن اور چھاترا دل کے درمیان تعطل برقرار ہے اور فی الحال احتجاج ختم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ دوسری طرف شہر میں سیاسی درجہ حرارت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔











