پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر قرض مقررہ مدت پوری ہوجانے پر سود سمیت واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پاکستان کی بہترین معاشی کارکردگی کے علاوہ اس کی بہترین خارجہ پالیسی کا بھی عکاس ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان بین الاقوامی وعدے پورے کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق
حکومت پاکستان اور وزارتِ خارجہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ یو اے ای کے ڈپازٹس کی واپسی ایک معمول کی مالی کارروائی ہے، جو باہمی تجارتی معاہدوں کے تحت انجام پاتی ہے اور اسے تعلقات میں کسی کمزوری سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔
تاریخی طور پر پاکستان نے یو اے ای کی مسلح افواج کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جس میں دفاعی تربیت، کمانڈو یونٹس کی تیاری اور تربیتی اداروں کے قیام میں معاونت شامل ہے۔
یو اے ای میں مقیم قریباً 16 لاکھ پاکستانی تارکینِ وطن ملک کی دوسری بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہیں، جو نہ صرف یو اے ای کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سماجی و اقتصادی روابط کا مضبوط پل بھی ہیں۔
پاکستانی افرادی قوت نے یو اے ای کے بنیادی ڈھانچے، بشمول بندرگاہوں، سڑکوں، رہائشی منصوبوں اور دیگر سہولیات کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے انجینئرز اور ماہرین کے تبادلے نے انفراسٹرکچر کی صلاحیت کو مزید مضبوط کیا۔
دونوں ممالک کے تعلقات مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی پر بھی مبنی ہیں، جہاں مشترکہ اسلامی ورثہ، روایات اور عوامی روابط باہمی اعتماد کو مزید مستحکم بناتے ہیں۔ یو اے ای ہزاروں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر بن چکا ہے، جہاں سیاحت، کاروبار اور خاندانی روابط کے ذریعے عوامی سطح پر مضبوط رشتہ قائم ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
مزید برآں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 2024 میں 3 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے طے پائے، جن میں انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور تجارت کے شعبے شامل ہیں۔ 2025 اور 2026 میں اعلیٰ سطح ملاقاتوں اور دوروں نے اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت دی ہے۔
ماہرین کے مطابق مالی معاملات جیسے ڈپازٹس کی واپسی معمول کا حصہ ہیں اور یہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط، مستحکم اور دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو متاثر نہیں کرتے، جو باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور مسلسل تعاون پر مبنی ہیں۔











