قومی پیغام امن کمیٹی نے ملک بھر کے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ، ذاکرین، واعظین اور خطبا سے اپیل کی ہے کہ کل بروز جمعۃ المبارک 10 اپریل 2026 کو یومِ تشکر و یومِ دعا کے طور پر منایا جائے۔
کمیٹی کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے بھی اس دن کو یومِ تشکر و دعا کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے علما سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے خطباتِ جمعہ میں خصوصی طور پر شکرانے اور دعا کا اہتمام کریں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل و کوآرڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سمیت مفتی عبد الرحیم، سید ضیااللہ شاہ بخاری، علامہ عارف واحدی، حافظ طارق، علامہ توقیر عباس، ڈاکٹر آصف میر، مفتی محمد کریم خان، مفتی یوسف کشمیری، پیر نقیب الرحمان، علامہ محمد حسین اکبر اور مولانا افضل حیدری نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور شکر ادا کرنے کا ہے۔
علمائے کرام نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کی کوششوں اور سفارتی جدوجہد کے نتیجے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی جبکہ عرب اسلامی ممالک اور ایران کے درمیان تصادم بھی رک گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے اہم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں خصوصی دعا کی جائے کہ یہ جنگ بندی مستقل امن میں تبدیل ہو اور مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ ملے۔ علما نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور عالمی امن کے لیے دعا کریں۔
قومی پیغام امن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔













