پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ پاکستان کے اختتام پر حکومتِ پاکستان، مسلح افواج اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں اس دورے کو کامیاب اور محفوظ قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر مشاورت کو اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینا اور خطے میں جاری پیش رفت پر مشاورت کرنا تھا۔ سفیر نے بالخصوص وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور جنگ کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ان کے مثبت کردار کو سراہا۔
At the end of This round of the visit of the Iranian delegation, H.E. Syyed Abbas Araghchi, Honorable Minister of Foreign Affairs to Pakistan at the onset of the regional diplomatic tour, which was carried out with the aim of reviewing bilateral relations and consulting on the…
— Reza Amiri Moghadam (@IranAmbPak) April 26, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دورے کی طرح اس بار بھی ایرانی وفد کا قیام مکمل طور پر محفوظ، پرامن اور منظم رہا، جو پاکستان کی مؤثر حکمتِ عملی، بہترین منصوبہ بندی اور کامیاب عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک برادر، دوست اور ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے اس انتظام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ایرانی سفیر نے اس موقع پر پاک فوج، سیکیورٹی اداروں، پولیس، سرکاری اداروں کے اہلکاروں اور بالخصوص اسلام آباد کے شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس دوران صبر، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام پاکستان اور ایران کی دوستی کے اس نعرے کے ساتھ کیا:
’ایران پاکستان دوستی زندہ باد‘۔














