دُنیا بھر سے ہزاروں عازمینِ حج مناسک کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سمیت دُنیا بھر سے ہزاروں مسلمان حج کے مناسک ادا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جن کی باقاعدہ شروعات پیر سے ہو رہی ہے۔ مکہ مکرمہ سے ریڈیو پاکستان کے نمائندے اسد اللہ خان کے مطابق، اس سال پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210 ہے اور عازمین کی اکثریت پہلے ہی مملکت میں پہنچ چکی ہے۔

 تمام عازمینِ حج مناسک کی ادائیگی کے لیے 7 اور 8 ذوالحج کی درمیانی رات منیٰ کے لیے روانہ ہونا شروع ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 1800 سے زیادہ علما عازمین حج کی رہنمائی پر مامور، ڈیجیٹل اور فیلڈ سسٹم بھی فعال

سعودی حکام کی جانب سے تمام حجاج کرام کو مکاتب الاٹ کر دیے گئے ہیں اور ہر حاجی کو اپنے مخصوص خیمے اور مکتب میں ہی قیام کرنا ہوگا۔ ان مکاتب نے عازمین کی رہائش گاہوں پر کلائی کے بینڈز بھی تقسیم کردیے ہیں۔

پاکستان حج مشن کے انتظامات کے تحت منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں قیام کے دوران پاکستانی حجاج کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ منیٰ کے زون 2، 4 اور 5 میں پاکستان کو 37 مکاتب الاٹ کیے گئے ہیں۔

مشاعرِ مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) میں آمد و رفت کے لیے تقریباً 60 فیصد پاکستانی عازمین ٹرین کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، جبکہ باقی حجاج کے لیے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں قائم پاکستان حج مشن مشاعر میں قیام کے دوران حجاج کرام کی ہر ممکن رہنمائی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باوجود حج زائرین کی تعداد گزشتہ سال سے زیادہ ہوگئی

شدید گرمی اور ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے تمام حجاج کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حج کے دنوں میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں اور چھتریوں کا استعمال کریں۔ عازمین کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ مشاعر میں قیام کے دوران اپنے ساتھ صرف ایک کندھے پر لٹکانے والا بیگرکھیں۔

کسی بھی مشکل یا مدد کی صورت میں عازمین حج معاونین سے رابطہ کر سکتے ہیں یا ٹول فری ہیلپ لائن 8002450028 کا استعمال کرسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp