پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن کے لیے جاری کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال pic.twitter.com/9McHie3qaM
— WE News (@WENewsPk) June 23, 2026
ملاقات کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے میں مکالمے کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔
انہوں نے موجودہ جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کے دوران تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی اور علاقائی فریقوں کے درمیان باہمی مفاہمت کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان علاقائی امن اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد مفاہمتی یادداشت: ایران کا پاکستان کے کردار کا باضابطہ اعتراف، صدر مسعود پزشکیان کا دورہ نہایت اہم
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے تعاون کو مزید فروغ دیا جائےگا۔














