ورلڈ ایموجی ڈے سے قبل یونی کوڈ ایموجی سب کمیٹی نے آئندہ ورژن ایموجی 18.0 میں شامل کیے جانے والے 9 نئے ایموجیز کی جھلک پیش کر دی ہے، جو 2027 کے دوران مختلف اسمارٹ فونز پر صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق نئے ایموجیز میں اچار، شہابِ ثاقب، مینارِ نور، ربڑ، دائیں اور بائیں انگوٹھے کے اشارے، جال، ٹوٹتا ہوا چہرہ اور چند دیگر ڈیزائن شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اظہار محبت کے خفیہ اشارے: کیا ایموجیز صدیوں پرانے کوڈ ورڈز کا تسلسل ہیں؟
کمیٹی کی سربراہ جینیفر ڈینیئل کے مطابق بعض ایموجیز مکمل طور پر نئے ہیں، جبکہ کچھ موجودہ ایموجیز میں برسوں سے موجود خامیوں کو درست کرنے کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے نمایاں تبدیلی دم دار ستارے اور شہابِ ثاقب کے ایموجیز میں کی گئی ہے۔ ماضی میں بعض پلیٹ فارمز پر دونوں ایک جیسے دکھائی دیتے تھے، تاہم نئے ورژن میں انہیں الگ الگ شناخت دی جائے گی۔
اسی طرح کھیرا اور اچار کے لیے الگ الگ ایموجیز متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ نیلی اور نارنجی تتلی کے ایموجیز بھی ایک دوسرے سے مختلف ہوں گے تاکہ تمام پلیٹ فارمز پر یکساں انداز میں نظر آئیں۔
نئے ایموجیز میں مینارِ نور رہنمائی کی علامت، ربڑ غلطی مٹانے، دائیں اور بائیں انگوٹھے مخصوص اشاروں، جال مختلف مفاہیم، جبکہ ٹوٹتا ہوا چہرہ ذہنی دباؤ یا بظاہر مضبوط مگر اندر سے بکھر جانے جیسے جذبات کی نمائندگی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل دنیا میں مستعمل نشان ’ @‘: جانیے اس کا مطلب اور ہزاروں سال پرانی دلچسپ تاریخ
رپورٹ کے مطابق ایموجی 18.0 کی حتمی منظوری ستمبر 2026 میں متوقع ہے، جس کے بعد ایپل، گوگل اور سام سنگ اپنے اپنے انداز میں ان ایموجیز کو متعارف کرائیں گے۔
توقع ہے کہ اینڈرائیڈ صارفین کو یہ ایموجیز 2026 کے آخر تک جبکہ آئی فون صارفین کو 2027 کے آغاز میں دستیاب ہوں گے۔













