آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں انتخابی ڈیوٹی پر مامور سرکاری ملازمین کی خصوصی پولنگ کا مرحلہ پرامن ماحول میں مکمل ہوگیا۔ پلندری اور راولاکوٹ کے علاوہ آزاد کشمیر کے دیگر تمام اضلاع میں پولنگ کا انعقاد کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل، سینیئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان نے دارالحکومت مظفرآباد میں قائم علی اکبر اعوان ہائی اسکول، سہیلی سرکار اسکول، یونیورسٹی کیمپس چہلہ بانڈی اور ڈگری کالج میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: کشمیر انتخابات: انتخابی مہم آخری مرحلے میں داخل، الیکشن کمیشن تیار
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 27 جولائی کو اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی صورت انتخابی عمل کو سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی کے مکمل اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی پولنگ کا مرحلہ پرامن انداز میں مکمل کر لیا گیا ہے اور اسی طرح 27 جولائی کو عام انتخابات کے روز بھی پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین نے بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا ہے۔
سینیئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن نے کہاکہ عام انتخابات 2026 کے ابتدائی مرحلے میں ووٹرز کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور 27 جولائی کے پولنگ ڈے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے کہاکہ انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین کی پولنگ کے لیے تسلی بخش انتظامات کیے گئے تھے، پولنگ عملہ جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے جبکہ پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز بھی انتظامات پر مطمئن ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پورے آزاد کشمیر کے ریٹرننگ افسران سے مسلسل رابطہ رکھا گیا اور تمام اضلاع میں پولنگ کا عمل پرامن انداز میں جاری رہا۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی پولنگ کے بیلٹ باکس سیل کرکے متعلقہ ریٹرننگ افسران کی تحویل میں دے دیے جائیں گے، جبکہ ان ووٹوں کی گنتی اور نتائج عام انتخابات کے روز ڈالے جانے والے ووٹوں کے ساتھ ہی شمار کیے جائیں گے۔
سید نظیر الحسن گیلانی نے مزید کہاکہ 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تمام ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز فراہم کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی جلسوں کا شیڈول جاری
انہوں نے یقین دلایا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے تمام شہریوں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پولنگ کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں بعض سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سرکاری ملازمین کی پولنگ مؤخر کی گئی ہے، جبکہ راولاکوٹ اور پلندری میں خصوصی پولنگ کے نئے شیڈول کا اعلان ایک یا دو روز میں کر دیا جائے گا۔














