2 چینی ماہرینِ ریاضی نے پہلی بار دنیا کا معتبر ترین ریاضیاتی اعزاز فیلڈز میڈل حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق ہانگ وانگ اور یو ڈینگ کو یہ اعزاز امریکی ماہرِ ریاضی جان پارڈن اور کینیڈین ریاضی دان جیکب ٹسیمرمین کے ساتھ مشترکہ طور پر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے اعلیٰ ترین سائنس و ٹیکنالوجی ایوارڈز کا اعلان، لیتھیم بیٹری اور ریڈار ٹیکنالوجی کے ماہرین کو اعزاز
اس سال یہ اعزاز امریکا میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا گیا، جہاں ہر فاتح کو 15 ہزار کینیڈین ڈالر انعام بھی دیا گیا۔
فیلڈز میڈل، جسے ریاضی کا نوبیل انعام سمجھا جاتا ہے، ہر 4 سال بعد 40 سال سے کم عمر نمایاں ریاضی دانوں کو دیا جاتا ہے۔
Chinese mathematicians Hong Wang and Yu Deng have won the 2026 Fields Medal, the top prize in mathematics, becoming the first Chinese nationals ever to receive the honor for solving problems that had baffled experts for over a century pic.twitter.com/QNY4VStZtL
— The Gulag (@WelcomeTheGulag) July 24, 2026
35 سالہ ہانگ وانگ اس اعزاز کی تاریخ میں صرف تیسری خاتون ہیں جنہیں فیلڈز میڈل سے نوازا گیا۔ انہوں نے اپنے ساتھی جوش زال کے ساتھ 1917 میں جاپانی ریاضی دان سوئیچی کاکیا کی جانب سے پیش کیے گئے ایک صدی پرانے مسئلے کو حل کیا۔
ان کی تحقیق نے سہ جہتی خلا میں ایک گھومتی ہوئی شے کے زیرِ احاطہ کم سے کم رقبے سے متعلق سوال کا نیا حل پیش کیا۔
دوسری جانب 37 سالہ یو ڈینگ کو، جو یونیورسٹی آف شکاگو میں پروفیسر ہیں، جرمن ریاضی دان ڈیوڈ ہلبرٹ کے 1900 میں پیش کیے گئے معروف ہلبرٹ کے چھٹے مسئلے کے حل پر اعزاز ملا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے ہونہار طلبا کا عالمی کارنامہ، فزکس اولمپیاڈ میں 3 کانسی کے تمغے جیت لیے
انہوں نے گیسوں کے ذرات کی حرکت کا مطالعہ کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ انفرادی ذرات کی حرکت سے پورے نظام کے رویے کا حساب کیسے لگایا جا سکتا ہے۔
اس کامیابی پر چین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ویبو اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ‘فیلڈز میڈل’ اور ‘پہلے چینی فیلڈز میڈل یافتہ’ جیسے ہیش ٹیگز کو لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا۔
جبکہ صارفین نے اسے تمام چینی عوام کے لیے باعثِ فخر ‘تاریخی لمحہ’ قرار دیا۔
مزید پڑھیں: بلیک ہول کے ‘پوائنٹ آف نو ریٹرن’ تک سائنسدانوں کی رسائی
ہانگ وانگ چین میں پیدا ہوئیں، پیکنگ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد فرانس اور امریکا میں اعلیٰ تعلیم مکمل کی اور اس وقت نیویارک یونیورسٹی اور فرانس کے انسٹیٹیوٹ آف ہائر سائنٹیفک اسٹڈیزمیں پروفیسر ہیں۔
فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے بھی انہیں فون کر کے مبارکباد دی۔
یو ڈینگ نے بھی پیکنگ یونیورسٹی سے تعلیم کا آغاز کیا، بعد ازاں ایم آئی ٹی اور پرنسٹن یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اب یونیورسٹی آف شکاگو میں تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔














