کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور عالمی شہرت یافتہ جیولن تھروور ارشد ندیم نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنی کارکردگی کی وجہ بیان کر دی۔
ارشد ندیم نے قوم سے توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا پانے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں ہر کھلاڑی کا اچھا اور برا دن آتا ہے، کوئی بھی ایتھلیٹ جان بوجھ کر خراب کارکردگی نہیں دکھاتا۔
موسم ٹھنڈا تھا اس وجہ سے باڈی اکڑ گئی تھی۔ اگلے ٹورنامنٹس میں ملک کا نام روشن کروں گا۔ ارشد ندیم pic.twitter.com/7dRoypb0fm
— Pakistan Digital (@pakistan_digit) August 4, 2026
ارشد ندیم نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان میں گرم موسم میں ٹریننگ کی تھی، لیکن گلاسگو میں مقابلے کے دوران غیر معمولی سرد موسم اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے ان کی باڈی اکڑ گئی جس کے باعث وہ مناسب رن اپ نہ لے سکے اور اپنی بہترین تھرو کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہ اکثر پوری رفتار سے رن اپ لیتے ہوئے فاؤل کر جاتے تھے تاہم اس بار مسئلہ فٹنس کا نہیں بلکہ موسم کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’میری تیاری مکمل تھی، لیکن سردی کی وجہ سے جسم نے ساتھ نہیں دیا‘۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم لوزان ڈائمنڈ لیگ 2026 کے جیولین تھرو مقابلے میں شامل، نیرج چوپڑا سے مقابلہ ہوگا
اولمپک چیمپئن نے کہا کہ وہ جانتے ہیں پاکستانی قوم ان سے سونے کے تمغے کی امید لگائے بیٹھی تھی اور وہ اس بار ان توقعات پر پورا نہیں اتر سکے تاہم انہوں نے اپنی جانب سے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ہر فیصلے پر راضی ہیں کیونکہ جو اللہ کو منظور ہوتا ہے وہی ہوتا ہے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ کھیل میں کامیابی اور ناکامی دونوں آتی ہیں اور یہی اسپورٹس کا حسن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس ناکامی سے مایوس نہیں ہوئے بلکہ پہلے سے زیادہ محنت کے ساتھ آئندہ مقابلوں کی تیاری کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کا سفر نویں پوزیشن پر ختم، کامن ویلتھ ٹائٹل برقرار نہ رہ سکا
انہوں نے بتایا کہ اب ان کی تمام توجہ 11 سے 13 ستمبر تک ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور ستمبر کے آخر میں ہونے والے ایشین گیمز پر مرکوز ہے، جہاں وہ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے ارشد ندیم نے کہا کہ انہوں نے کچھ منفی تبصرے دیکھے جن سے انہیں دکھ ضرور ہوا لیکن وہ پاکستان کے بیٹے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ان کے بقول اگر قوم ناراضی کا اظہار کرتی ہے تو وہ اسے بھی اپنا حق سمجھتے ہیں تاہم اس وقت انہیں سب سے زیادہ قوم کی دعاؤں، اعتماد اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچ گئے
انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ دل چھوٹا نہ کریں اور ان کا ساتھ دیں تاکہ وہ مزید اعتماد کے ساتھ آئندہ مقابلوں میں پاکستان کا پرچم بلند کر سکیں۔
یاد رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں ارشد ندیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے اور جیولن تھرو کے فائنل میں ٹاپ آٹھ میں بھی جگہ نہ بنا سکے، جبکہ سونے کا تمغہ سری لنکا کے رومیش تھارانگا نے اپنے نام کیا۔














