وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی نے بدھ کے روز نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی بحری سلامتی اور باہمی دلچسپی کے مختلف پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے صومالیہ کے وزیر دفاع کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، بحری تعاون کے فروغ اور دوطرفہ دفاعی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اس موقع پر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے سفارتی اور دفاعی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی، پائیدار اور کثیرالجہتی شراکت داری کے فروغ کا خواہاں ہے۔
صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی نے علاقائی بحری سلامتی کے قیام اور سمندری تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے کردار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس شعبے میں پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کا صومالیہ کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، پیشہ ورانہ روابط بڑھانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔














