وزیراعظم، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ سعودی عرب آج سے، خطے کی صورتحال اور فلسطین سمیت اہم امور پر مشاورت ہوگی، دفتر خارجہ

جمعرات 6 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی، جس میں پاک۔سعودی تعلقات، خطے کی کشیدہ صورتحال، فلسطین، ایران۔امریکا تنازع اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی، جس میں پاک۔سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پورا خطہ غیر معمولی کشیدگی سے دوچار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کا بیان بے بنیاد، اشتعال انگیز اور حقائق کے منافی ہے، دفتر خارجہ

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے مسائل کے پرامن اور پائیدار حل پر یقین رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے عمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے اور پاکستان اس کی کوششوں کی تحسین کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بھی پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس ہفتے اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔ 5 اگست کو ہونے والے اس اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور منتخب اسلامی ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر غور کیا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسئلہ فلسطین کا جامع، منصفانہ اور دیرپا حل ہی مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر اردن، ترکیہ، مصر، الجزائر، ایران اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی کے حوالے سے خصوصی مذاکرات کا حالیہ دور بھی منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف تعاون، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، سرحدی سلامتی اور دہشت ؤگرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی غیر قانونی، بھارت پانی کو سیاسی دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کرے، دفتر خارجہ

انہوں نے بتایا کہ 4 اگست کو کینیڈا میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سینئر حکام کی سطح پر مذاکرات اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سلامتی اور علاقائی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان آبنائے ہرمز سے متعلق طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ اس سے تمام متعلقہ فریق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت مذاکراتی عمل کی طرف واپس آئیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر خلیجی ممالک کی سفارتی کوششیں اور اسلام آباد کی ثالثی کا عمل الگ الگ نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحری راستوں کی آزادی اور سلامتی کی حمایت کرتا ہے۔

غزہ کی صورتحال پر ترجمان نے کہا کہ صرف حماس کو غیر مسلح کرنا کافی نہیں بلکہ اسرائیل کو بھی غزہ سے انخلا کرنا ہوگا، اس لیے معاہدے پر تمام فریقوں کے عمل درآمد کو دیکھنا ضروری ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات سے متعلق بھارتی بیان کو مسترد کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت کو آزاد کشمیر کے انتخابات پر تبصرہ کرنے کا نہ قانونی حق حاصل ہے اور نہ اخلاقی جواز۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان کی جانب سے حالیہ بیان پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت تبدیل نہیں ہوئی اور اس تنازع کا حتمی حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے ہی ہے۔

ترجمان نے بنگلہ دیش کی صورتحال پر کہا کہ پاکستان اس ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے متعلق پیشرفت سے آگاہ ہونے کے باوجود اس پر تبصرہ مناسب نہیں سمجھتا کیونکہ بنگلہ دیش کے عوام اپنے مسائل حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

افغانستان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ طالبان کے خلاف مزاحمت کی اطلاعات دیکھی ہیں، تاہم یہ افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے، اس لیے پاکستان اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میری ٹائم سیکیورٹی تعاون پر مشاورت جاری ہے، جبکہ دفاعی برآمدات سے حاصل ہونے والا زرمبادلہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوتا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بیرون ملک جانے کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض، حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے والد جارج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

سینیئر اداکارہ روبینہ اشرف کا خواتین کے شوہر اور سسرالیوں کے لیے اہم پیغام

دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

حکومت سے مذاکرات ناکام، گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا آغاز کردیا

ویڈیو

کشمیری پاکستان کے مالک ہیں، مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دلائیں گے، رانا ثنا اللہ کا ضلع باغ میں جلسہ عام سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ سے روانہ، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد مسجد نبویؐ میں حاضری

پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ کے اعلان پر خیبر پختونخوا کے اراکین کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

پرانی کتابوں کا اتوار بازار

اپنی زندگی کے ایڈیٹر بنیں، رائٹر نہیں

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر