بھارت کے شہر وارانسی کے لال بہادر شاستری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی چیکنگ کے دوران ایک مسافر کی لائسنس یافتہ پستول اچانک چل گئی، جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے مسافر کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ سے تعلق رکھنے والا مسافر کملیش کیدارناتھ رائے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز IX1810 کے ذریعے وارانسی سے ممبئی جارہا تھا۔ سیکیورٹی اہلکار مسافر کی لائسنس یافتہ 7.62 ملی میٹر پستول اور 21 زندہ کارتوس کی جانچ کررہے تھے کہ اسی دوران گولی چل گئی۔
😷🤔Airport security check इतना “live” था कि pistol ने खुद practical demonstration दे दिया.😷🤔
At Varanasi Airport,a Shiv Sena leader’s licensed pistol accidentally fired while it was being checked before his flight to Mumbai.The bullet reportedly ricocheted, injuring two… pic.twitter.com/eLaxhTMp2q
— Santosh kumar jain (@Santosh37356413) August 16, 2026
بھارتی وزارت شہری ہوا بازی کے مطابق گولی سیکیورٹی چیکنگ پر مامور 2 اہلکاروں روہت راج اور سمن کماری کو لگی، جنہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون اہلکار کی ٹانگ جبکہ دوسرے اہلکار کے انگوٹھے پر چوٹ آئی۔
زخمی اہلکار سمن کماری نے بتایا کہ مسافر نے کہا تھا کہ پستول خالی ہے اور اسے دکھانے کے لیے ٹریگر دبا دیا، جس سے گولی چل گئی۔ روہت راج کے مطابق مسافر نے پہلے میگزین نکال کر اسے چیک کیا، تاہم اس کے بعد پستول چل گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ایئر انڈیا پائلٹ کا بھنگ ٹیسٹ مثبت، کیا یہی طیارے کے اچانک نیچے آنے کی وجہ تھی؟
پولیس نے مسافر کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ بیورو آف سول ایوی ایشن سیکیورٹی واقعے کی تحقیقات کررہا ہے۔ حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ ایئرپورٹ پر لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے اور لے جانے کے مقررہ ضوابط پر کس حد تک عمل کیا گیا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق واقعہ فوری طور پر قابو میں آگیا اور پروازوں کا آپریشن متاثر نہیں ہوا۔ تاہم فلائٹ IX1810 مقررہ وقت سے 14 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔













