پاکستان اور ملائیشیا کا انسداد دہشتگردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

ہفتہ 22 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصوتیون بن اسماعیل نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں انسداد دہشتگردی، منشیات کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

مزید پڑھیں:پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ: صدر مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں دونوں ممالک کے ادارہ جاتی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون سے دونوں ممالک کے شہریوں کو مزید سہولت ملے گی۔

ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مزید مارکیٹ تک رسائی پر زور دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ملائیشیا میں پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک کی طلب موجود ہے، اس لیے ان شعبوں میں تجارتی تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:صدر مملکت آصف علی زرداری کی کوہاٹ حملے کی مذمت

ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ 2026 پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات کے قیام کا 69واں سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں اور پروازوں کی تعداد میں اضافے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp