آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر پولنگ، ن لیگ نے میدان مار لیا، خواتین کی 2 سیٹوں پر پیپلز پارٹی کامیاب

پیر 24 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا ہے، خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 3 پر مسلم لیگ ن اور 2 پر پیپلز پارٹی کی امیدوار کامیاب ہوئیں۔

خواتین کی 5 مخصوص نشستوں پر ن لیگ کی سحرش قمر، مریم زمان اور مریم ادریس کامیاب ہوئیں جبکہ پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیا خورشید راجا نے بھی کامیابی حاصل کی۔

زوبیا خورشید راجا اور رفعت عابد نے 5، 5 ووٹ لیے جس کے بعد قرعہ اندازی میں زوبیا خورشید کا نام نکل آیا۔

علماء و مشائخ کی نشست پر ن لیگ کے پیر مظہر سعید شاہ کامیاب ہوئے، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ن لیگ کے بیرسٹر افتخار گیلانی کامیاب قرار پائے جبکہ اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر ن لیگ کے عبدالرحمٰن آرائیں پہلے ہی بلامقابلہ رکن منتخب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ن لیگ نے مجموعی طور پر 31 نشستیں حاصل کرکے واضح برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 14 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

جموں و کشیر عوامی دست و بازو سے ایک نشست پر اتحاد کے بعد ن لیگ کی ایوان میں 32 نشستیں ہیں۔

ایوان مکمل ہونے کے بعد نو منتخب ممبرانِ اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

واضح رہے کہ پونچھ اور سدھنوتی میں انتخاب نہ ہونے کے باعث 7 ممبران کے بغیر حکومت سازی کا عمل مکمل کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp