اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس میں 1100 سے زائد پوائنٹس اضافہ

جمعرات 27 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان دیکھا گیا جہان کے ایس ای 100 انڈیکس ابتدائی منٹوں میں 1100 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔

صبح 9 بج کر 40 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,163.06 پوائنٹس یعنی 0.66 فیصد اضافے کے بعد 178,533.76 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاروں کا اعتماد اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کا باعث، کیا معیشت مستحکم ہورہی ہے؟

کاروبار کے دوران آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنریز سمیت اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔

حبکو، ماری انرجیز، او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے انڈیکس پر نمایاں اثر رکھنے والے حصص مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔

واضح رہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہی تھیں۔

اس سے قبل منگل کو بھی پی ایس ایکس میں کاروبار مثبت رجحان پر بند ہوا تھا۔ بینکنگ اور سیمنٹ کے شعبوں میں نمایاں خریداری نے توانائی کے شعبے میں بعض حصص میں منافع کے حصول کے لیے ہونے والی فروخت کے اثرات کو زائل کردیا تھا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس 404.02 پوائنٹس یعنی 0.23 فیصد اضافے کے بعد 177,370.71 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟

دوسری جانب عالمی سطح پر بھی ایشیا بحرالکاہل کی اسٹاک مارکیٹوں میں جمعرات کو تیزی دیکھی گئی۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویدیا کی توقعات سے بہتر سہ ماہی کارکردگی اور مثبت مالیاتی پیشگوئی کے بعد ٹیکنالوجی سے متعلق حصص میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔

جاپان کے علاوہ ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا وسیع تر ایم ایس سی آئی انڈیکس 0.7 فیصد بڑھا، جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 1.5 فیصد اضافے سے آگے بڑھا۔

تائیوان کے حصص میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا، تاہم جاپان کا نکی 225 انڈیکس 0.4 فیصد گر گیا۔

وال اسٹریٹ پر بھی بدھ کو حصص میں معمولی بہتری دیکھی گئی، تاہم ایس اینڈ پی 500 انڈیکس تقریباً مستحکم رہا۔

امریکی پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچرز (پی سی ای) انڈیکس جولائی میں ماہانہ بنیاد پر 0.2 فیصد بڑھا، جبکہ جون میں اس میں 0.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp