مریضوں کی جان کا تحفظ، صحت کے اداروں میں بہتر نظام کے لیے اہم تربیتی پروگرام

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الخدمت ہیلتھ سروسز کے زیر اہتمام صحت کے شعبے میں مریضوں کے تحفظ، علاج کے معیار اور بہتر ادارہ جاتی ماحول کے حوالے سے تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں پاکستان کی چھ جامعات کے طلبہ اور نئے گریجویٹس نے شرکت کی۔

یہ پروگرام الخدمت ڈایگنوسٹکس ناظم آباد میں منعقد ہوا، جس کا موضوع ’صحت کے اداروں میں معیار اور تحفظ کا مضبوط نظام‘ تھا۔ پروگرام میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، جامعہ کراچی، ہمدرد یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی، بقائی میڈیکل یونیورسٹی اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے 30 منتخب طلبہ اور نئے گریجویٹس شریک ہوئے۔

تربیتی نشست کی قیادت الخدمت اسپتال شاہ فیصل کالونی کے سینئر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کی۔ پروگرام میں ڈاکٹروں کے ساتھ نرسز، فارماسسٹ، میڈیکل ٹیکنالوجسٹس، فزیوتھراپسٹس اور بائیومیڈیکل انجینئرز نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ اسپتال صرف مختلف شعبوں کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسا مربوط نظام ہے جس کا مرکز انسان اور مریض ہوتا ہے۔ ان کے مطابق مریضوں کی حفاظت اس وقت متاثر ہوتی ہے جب مختلف شعبوں کے درمیان رابطے اور معلومات کے تبادلے میں رکاوٹ پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان طبی ماہرین کو اس بات کی تربیت دینا ضروری ہے کہ وہ غلطی کا ذمہ دار تلاش کرنے کے بجائے اس کی اصل وجہ سمجھیں، ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کریں اور مریضوں کے ساتھ ہمدردی، اعتماد اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کام کریں۔

پروگرام کے دوران شرکا کو عملی مشقوں کے ذریعے اسپتالوں میں علاج کے معیار کو بہتر بنانے کے مختلف طریقے بھی سکھائے گئے۔ ان میں منصوبہ بندی، عمل درآمد، نتائج کا جائزہ لینے اور بہتری لانے کے مراحل پر مشتمل پی ڈی ایس اے طریقہ کار، مریضوں کی طبی معلومات ایک دوسرے شعبے تک منتقل کرنے کا معیاری طریقہ اور علاج کے دوران ممکنہ غلطیوں سے بچاؤ کے عملی اصول شامل تھے۔

شرکا نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے ساتھ ایک ہی تربیتی نشست میں شرکت کو مفید قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیومیڈیکل انجینئرز اور دیگر طبی شعبوں کے ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرنے سے انہیں اسپتال کے نظام اور مریضوں کی دیکھ بھال کو ایک مختلف زاویے سے سمجھنے کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھیں: الخدمت رازی اسپتال میں گردے کی پتھری کے ایک ہزار کامیاب آپریشن، اہم سنگِ میل عبور

الخدمت ہیلتھ سروسز نے کہا ہے کہ سندھ میں اپنے طبی نیٹ ورک کے تحت مختلف شعبوں سے وابستہ طبی عملے کی مشترکہ تربیت کے ایسے پروگرام آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp