وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وزارت صحت نے وفاق کے زیرِ انتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق اس حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں فائر سیفٹی کا جامع آڈٹ مجاز اور ماہر فائر سیفٹی کمپنی کے ذریعے کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آڈٹ کے دوران اسپتالوں میں فائر الارم، آگ بجھانے کے آلات، ہنگامی اخراج اور انخلا کے راستوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ بجلی کے نظام، دیگر ممکنہ فائر ہیزرڈز، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات اور عملے کی تیاری بھی جانچی جائے گی۔
Pims hosptial @AmirSaeedAbbasi pic.twitter.com/ylkadnORaC
— Media Talk (@mediatalk922) August 26, 2026
ترجمان کے مطابق آڈٹ میں سامنے آنے والی ایسی خامیوں، جو انسانی جان یا املاک کے لیے فوری خطرہ بن سکتی ہیں، کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔
تمام اسپتالوں کو آڈٹ شروع کرنے، متعلقہ فائر سیفٹی کمپنی کا نام اور آڈٹ مکمل ہونے کی متوقع تاریخ سے وزارت صحت کو فوری آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت صحت نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو بھی سرکاری و نجی صحت کے اداروں میں فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرانے اور اس کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق آڈٹ کی تعمیل سے متعلق جامع رپورٹ وزارت صحت کو پیش کی جائے گی، جس میں آڈٹ شروع کرنے والے اور تاحال زیرِ التوا اداروں کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔














