وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کر رکھا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے بدعنوانی کا خاتمہ ان کا مشن ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا ملازمت سے برخاست کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران و اہلکار گرفتار کیے گئے، جبکہ 6 ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا گیا اور 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی جاری ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق وکٹوریہ اسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو اسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرپشن معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، کسی کو بھی سیاسی یا ذاتی بنیاد پر نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی تھیٹر آرٹسٹوں سے ملاقات، نئے ڈراما ایکٹ پر مشاورت
انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن کے خاتمے کے لیے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں جاری کریک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد یقینی بنایا ہے، انہوں نے کبھی تنقید اور منفی پروپیگنڈے کی پروا نہیں کی۔ جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور کرنے کے بجائے چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔














