امریکی شہر لاس اینجلس میں ٹریفک حادثے کی لائیو کوریج کرنے والا ہیلی کاپٹر خود تباہی کا شکار ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں خاتون رپورٹر اور پائلٹ سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی نیوز چینل ‘این بی سی’ کا ہیلی کاپٹر ایک بس حادثے کی براہ راست کوریج کر رہا تھا۔ اسی دوران ہیلی کاپٹر اچانک بے قابو ہو کر زمین پر آ گرا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا میں اسکائی ڈائیونگ طیارہ حادثہ، ابتدائی رپورٹ کیا کہتی ہے؟
اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار خاتون رپورٹر اور پائلٹ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ زمین پر موجود ایک راہگیر بھی اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔
آخری لمحات اور کاک پٹ کا الارم
فوری طور پر حادثے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے کہ کس تکنیکی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر کو سانحہ پیش آیا۔
تاہم حادثے سے قبل نشر ہونے والی آخری لائیو فیڈ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی بلندی تیزی سے کم ہو رہی تھی۔ اسی دوران کاک پٹ کے اندر خطرے کے الارم بجنے کی واضح آوازیں بھی سنی گئیں۔
زمین پر تباہی اور امدادی کارروائیاں
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر کے زمین پر گرتے ہی اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ شعلوں نے تیزی سے قریب کھڑی کم از کم 4 گاڑیوں اور 2 اسٹوریج کنٹینرز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
تاہم فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر جلد قابو پا لیا اور مزید نقصان سے بچا لیا۔
واضح رہے کہ امریکی نیوز چینلز ٹریفک حادثات، شاہراہوں پر پولیس کے تعاقب اور ہنگامی صورتحال کی فوری کوریج کے لیے نیوز ہیلی کاپٹرز کا کثرت سے استعمال کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ترکیہ میں طیارہ حادثہ، لیبیا کے آرمی چیف محمد الحداد ساتھیوں سمیت جاں بحق
یہ ہیلی کاپٹرز واضح مناظر حاصل کرنے کے لیے اکثر گنجان آباد علاقوں میں کم بلندی پر پرواز کرتے ہیں، جو بعض اوقات انتہائی خطرناک ثابت ہوتا ہے۔
ایوی ایشن حکام نے اس واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ بلیک باکس اور کنٹرول ٹاور کے ڈیٹا کی مدد سے حادثے کے اصل محرکات کا تعین کیا جا سکے۔














