وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں پُرامن بقائے باہمی، عالمی استحکام، سفارتکاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی یومِ امن پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر پُرامن بقائے باہمی، عالمی استحکام اور سلامتی جیسی تعمیری روایات سے اپنی وابستگی کا تجدید عزم کرتا ہے۔ علاقائی اور بین الاقوامی امن کے فروغ میں پاکستان کا حالیہ تعمیری کردار قوم کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن امداد یقینی بنانے کی ہدایت
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تنازعات کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مخلصانہ کاوشیں کی ہیں۔ اقوام متحدہ کے زیرِ نگرانی امن مشنز میں پاکستان نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر خدمات انجام دی ہیں، جو قومی فخر کا باعث ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ امن ’امن میں سرمایہ کاری، سب کے لیے، ہر جگہ، ہر روز‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ حکومت کی پالیسیاں تمام شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں، اقلیتوں، خصوصی افراد اور دیگر کمزور و محروم طبقات کے مساوی حقوق اور فرائض کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق 2026 کے ذریعے انسانی حقوق کے تحفظ اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک جامع لائحہ عمل اپنایا ہے۔
This year’s #PeaceDay is a reminder to invest in peace, for everyone, everywhere:
🌎 Respecting human rights
🕊️ Promoting non-violence
⚖️ Committing to freedom, justice & cooperationEveryone can do their part.
Investing in peace is investing in our shared future. pic.twitter.com/CPSQ4zAq9r
— UN Development (@UNDP) September 21, 2026
صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری، بین الاقوامی قانون کے احترام اور تنازعات کے منصفانہ و پائیدار حل کو فروغ دے کر اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پائیدار امن صرف مذاکرات، سفارت کاری، انصاف، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مکمل پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ کئی دہائیوں سے پاکستانی امن دستے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:صدر زرداری لندن کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
آصف علی زرداری نے قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قیامِ امن اور استحکام کی کوششوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار کیا جائے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہو، وہاں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا، جس میں بھارتی غیرقانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقے بھی شامل ہیں۔














