وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، عوام نئے صوبوں کے ساتھ ہیں اور ہر مکتبۂ فکر کے لوگ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ نئے صوبے ضرور بنیں گے۔ نئے انتظامی یونٹس عوام کی منشا سے ہی بنیں گے اور اس حوالے سے تحریک تیزی سے جاری ہے۔
مزید پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کے پی اور بلوچستان کے تاجروں کی ملاقات، کیا کچھ زیربحث آیا؟
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال سب کے سامنے ہے، گزشتہ چند روز میں دہشتگردی کے واقعات میں کیپٹن، جوان اور پولیس اہلکار شہید ہوئے، جو پاکستان کے شہدا ہیں اور سب کو ان کے جنازوں میں شرکت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں شہدا کے جنازوں میں صوبائی حکومت کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا، یہ بے حسی ہے۔ سیاسی اختلافات جتنے مرضی ہوں، انہیں اس انتہا تک نہیں لے جانا چاہیے۔
نئے صوبے کا معاملہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ عوام نئے صوبوں کے ساتھ ہیں۔ ہر مکتبۂ فکر کے لوگ اس میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی pic.twitter.com/gu4m6pKKVP
— WE News (@WENewsPk) September 21, 2026
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، جو بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ابھی بھی وقت ہے، بند گلی میں نہ جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لانگ مارچ کی صورت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر من و عن عمل ہوگا اور حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔ اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ لانگ مارچ آئے اور 10 یا 20 روز تک ملک بند رہے، حکومت مستقل لائحہ عمل بنائے گی۔
مزید پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ہسپتال میں چیک اپ کی سہولت پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہے، رات کو بھی ان کا چیک اپ ہوا، علاج اور چیک اپ کے لیے قانون کے مطابق ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان جب تک دہشت گردوں کو نہیں روکے گا، حالات معمول پر نہیں آسکتے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خطے اور عالمی منڈی کی صورتحال کے باعث قیمتوں پر اثر پڑ رہا ہے، تاہم پاکستان میں پٹرول کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی بھرپور کوشش ہے کہ پیٹرول کی قیمت نیچے لائی جائے، حکومت قیمت کم کرنے کے لیے دیگر راستے بھی تلاش کر رہی ہے۔














