میکسیکو کے ساحل کے قریب سمندری طوفان پولو کی شدت میں غیر معمولی اضافہ، کیٹیگری 5 تک پہنچ گیا

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میکسیکو کے ساحل کے قریب بحرالکاہل میں آنے والا سمندری طوفان پولو تیزی سے شدت اختیار کرتے ہوئے کیٹیگری 5 کا انتہائی طاقتور طوفان بن گیا ہے۔ امریکی نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (NOAA) نے اسے ’انتہائی خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کی شدت میں اضافہ غیر معمولی تھا۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان میں ہوا کی رفتار تقریباً 180 میل فی گھنٹہ (285 کلومیٹر فی گھنٹہ) ریکارڈ کی گئی، جبکہ جھکڑ اس سے بھی زیادہ طاقتور تھے۔ ماہرین کے مطابق غیر معمولی گرم سمندری پانی طوفان کو مزید توانائی فراہم کر رہا ہے اور پولو آئندہ چند روز تک کیٹیگری 5 کی شدت برقرار رکھ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے جاپان میں طاقتور سمندری طوفان، کانتو ریجن میں سیلاب کا خطرہ

پولو کے میکسیکو کے جنوب مغربی ساحل سے گزرنے کا امکان ہے تاہم فی الحال اس کے براہِ راست ساحل سے ٹکرانے کی توقع نہیں۔ NOAA نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کی وجہ سے شدید بارشیں، خطرناک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں 15 سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے ریاستوں جالیسکو، کولیما اور میچواکان کے ساحلی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

طوفان کی غیر معمولی شدت کا ایک اہم سبب بحرالکاہل میں جاری ’ایل نینو‘ موسمی مظہر کو قرار دیا جا رہا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق 19 ستمبر کو وسطی و مشرقی بحرالکاہل کے ایک اہم خطے میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت معمول سے 3.05 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جو 2015 کے سابقہ ریکارڈ 3.02 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا۔ ماہرین کے مطابق گرم سمندری پانی طوفانوں کو زیادہ توانائی فراہم کرتا ہے، جس سے ہواؤں کی رفتار اور طوفان کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp