پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود، حکومت نجی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت بڑے پیمانے پر ساختی اور پالیسی سطح کی اصلاحات کر رہی ہے اور نجی شعبے کو کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے سہولت اور سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم سے نیویارک میں بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اور امریکا پاکستان بزنس کونسل کے وفود نے ملاقات کی، جس میں آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، فنانس، مشروبات، مینوفیکچرنگ، ادویات، آرگینک مصنوعات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا تعلقات گزشتہ ایک سال کے دوران بہت بہتر ہوئے ہیں جبکہ ملکی معیشت اب مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے، ٹیکنالوجی اور ای گورننس پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے، کان کنی و معدنیات، بندرگاہوں اور جہاز رانی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور اخراجات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت انہیں پیشہ ورانہ تربیت، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے خودمختار بنا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری ہوچکی ہے جبکہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی بھی نجکاری کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:شہباز شریف کا لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستانی حمایت کا اعادہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور دوست و برادر ممالک کے تعاون سے طویل مدتی امن کے حصول کی امید ہے، جو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے انتہائی اہم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp