بالی ووڈ کے معروف اداکار انیل کپور نے اہلیہ سونیتا کپور کے ساتھ اپنی محبت اور ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
انیل کپور ان دنوں گیم شو ’India Ke Top 1%: The Anil Kapoor Show‘ کی میزبانی کر رہے ہیں، جہاں حالیہ قسط کے دوران گفتگو میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے جڑے کئی دلچسپ واقعات سنائے۔ اداکار نے بتایا کہ ایک مرتبہ ان کی اہلیہ سونیتا کپور اکیلے ہی ہنی مون پر چلی گئی تھیں اور وہ ان کے ساتھ نہیں جا سکے تھے۔
اس موقع پر انیل کپور نے محبت بھرے انداز میں سونیتا کو اپنے دل کی ’ملکہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سونیتا ہی ان کی کوئین ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’تیرا ساتھ ہے کتنا پیارا‘: شادی کی 42 ویں سالگرہ پر انیل کپور کا اہلیہ سنیتا کو خراج تحسین
انیل کپور نے یہ بھی بتایا کہ شادی سے قبل سونیتا نے ان کے سامنے ایک واضح شرط رکھی تھی کہ وہ شادی کے بعد کچن میں داخل نہیں ہوں گی۔ اداکار کے مطابق سونیتا نے کہا تھا کہ وہ اسی صورت شادی کریں گی جب انہیں کچن میں کام نہ کرنا پڑے۔
انیل کپور نے بتایا کہ اہلیہ کی یہ شرط سن کر انہوں نے عہد کیا کہ وہ اتنا کامیاب بننے کے لیے محنت کریں گے کہ سونیتا کو کبھی کچن میں جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ذمہ داری کو نبھایا اور آج تک سونیتا کو کچن میں داخل نہیں ہونا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان آنے کے لیے ترس رہا ہوں‘، انیل کپور کی ویڈیو دوبارہ وائرل
انیل کپور نے ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران سونیتا کے ساتھ اپنی محبت کی کہانی بھی بیان کی تھی۔ اداکار کے مطابق جب ان کی سونیتا سے ملاقات ہوئی تو وہ مالی مشکلات کا شکار تھے جبکہ سونیتا ایک بینکر کی بیٹی تھیں اور اس وقت ماڈلنگ کے شعبے میں بھی فعال تھیں۔
سونیتا نے ایک دوست سے انیل کپور کا نمبر حاصل کرکے انہیں مذاق میں فون کیا تھا تاہم یہی فون کال بعد میں دونوں کے درمیان محبت کی وجہ بن گئی۔ انیل کپور کے مطابق سونیتا نے کبھی ان کے پیشے یا مالی حیثیت کی پروا نہیں کی۔ وہ چیمبور میں رہتے تھے جبکہ سونیتا نیپین سی روڈ پر مقیم تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: جھانوی کپور کا ڈپریشن میں چلے جانے کا اعتراف، وجہ کیا تھی؟
اداکار نے بتایا کہ اس وقت ان کے پاس ٹیکسی کا کرایہ تک نہیں ہوتا تھا، اس لیے وہ سونیتا سے ملنے کے لیے بس میں سفر کرتے تھے، جبکہ سونیتا انہیں جلدی پہنچنے کا کہنے کے ساتھ ٹیکسی کا کرایہ بھی خود ادا کردیتی تھیں۔ تقریباً 10 سال تک ایک دوسرے کو جاننے اور ڈیٹ کرنے کے بعد انیل کپور اور سونیتا نے 19 مئی 1984 کو شادی کی تھی۔














