پنجاب میں 40 پرائمری اسٹروک سینٹرز فعال، مزید 17 دسمبر تک قائم ہوں گے، عظمیٰ بخاری

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کینسر کے علاج کے ساتھ ساتھ فالج کے مریضوں کے لیے بھی مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کر رہی ہیں، جس کے تحت صوبے بھر میں پہلی مرتبہ اسٹروک سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بروقت اقدامات کے نتیجے میں فالج کا شکار 336 مریضوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔

ان کے مطابق پنجاب میں 40 پرائمری اسٹروک سینٹرز مکمل طور پر فعال ہوچکے ہیں، جبکہ مزید 17 اسٹروک سینٹرز دسمبر تک فعال کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اسٹروک مینجمنٹ پروگرام، فالج کے مریضوں کے لیے نئی زندگی کی نوید

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صوبے کے تمام فعال اسٹروک سینٹرز میں فالج کے مریضوں کے لیے 710 ٹی این کے انجیکشنز دستیاب ہیں، جس سے مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اسٹروک سینٹرز کے قیام کے بعد فالج سے متاثرہ مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ انہیں اپنے علاقوں میں ہی طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا سرکاری اسپتالوں میں عملے کے لیے باڈی کیمرے متعارف کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے شہریوں کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں اور صوبہ صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ تمام ٹیسٹ بھی مفت کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے باعث دیگر صوبوں سے بھی لوگ علاج کے لیے پنجاب کا رخ کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp