سندھ کابینہ نے میر رضا کیس کی انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی مدت میں توسیع منظور کرلی

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں میر رضا قتل کیس سے متعلق انکوائری کمیشن کی رپورٹ جمع کرانے کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی گئی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کی مقررہ مدت میں توسیع کے لیے سمری صوبائی کابینہ کو بھجوائی تھی، جس کی منظوری اجلاس میں دے دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انکوائری کمیشن کو اب اپنی رپورٹ 15 اکتوبر تک جمع کرانا ہوگی، اجلاس میں گزشتہ کابینہ اجلاس کی کارروائی کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: میر رضا قتل کیس: پولیس سرجن کے خلاف ہراسانی مہم پر کمیشن نے این سی سی آئی اے کو تحقیقات کی سفارش کردی

کابینہ اجلاس میں بورڈ آف ریونیو کی جانب سے سندھ گورنمنٹ لینڈز مینجمنٹ ایکٹ 2026 کا مسودہ بھی پیش کیا گیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مجوزہ قانون کا مقصد پرانے قانون کی جگہ نیا قانونی فریم ورک متعارف کرانا ہے۔

مجوزہ قانون میں سرکاری اراضی کی مارکیٹ پر مبنی قیمتوں کے تعین، نیلامی کے طریقہ کار اور قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے سخت دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: میر رضا قتل کیس: جوڈیشل کمیشن میں تلخی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے اعتراض پر کارروائی معطل

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ مجوزہ قانون کی نقول کابینہ کے تمام ارکان کو فراہم کی جائیں تاکہ وہ اس کا تفصیلی جائزہ لے سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ سندھ گورنمنٹ لینڈز مینجمنٹ ایکٹ 2026 کے مسودے پر اپنی تجاویز 10 روز کے اندر جمع کرائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کابینہ ارکان کی تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد مجوزہ قانون پر آئندہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: علی رضا عابدی کے بعد میر رضا قتل کیس میں بھی ایپل ڈیوائسز کی ڈی کوڈنگ معمہ بن گئی

ترجمان کے مطابق نئے قانون میں سرکاری زمینوں کے انتظام، قیمتوں کے تعین اور نیلامی کے عمل کو باقاعدہ قانونی طریقہ کار کے تحت لانے کی تجاویز شامل ہیں، جبکہ قانون کے نفاذ کے لیے بھی واضح دفعات تجویز کی گئی ہیں۔

اجلاس میں صوبے کے سرکاری اراضی کے انتظام سے متعلق قانونی فریم ورک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور موجودہ قانون کی جگہ نیا قانون متعارف کرانے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp