حکومتی و اپوزیشن وفود آج 12 بجے اسپیکر آفس میں ملیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر

جمعہ 2 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوگیا ہے، حکومتی اور اپوزیشن وفود آج دن 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں ملاقات کریں گے۔

پی ٹی آئی کی پولیٹیکل اور کور کمیٹی نے حکومتی وفد سے ملاقات کے لیے اپوزیشن وفد کے ارکان کی توثیق کردی ہے۔

آج ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن وفد کی نمائندگی بیرسٹر گوہر خان، علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، عامر ڈوگر اور حلیم عادل شیخ کریں گے۔

مزید پڑھیں:حکومتی اتحادی کمیٹی آج پاکستان تحریک انصاف قیادت سے ملاقات کرے گی

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے ٹیلیفون پر گفتگو بھی کی ہے۔

 اپوزیشن رہنماؤں کی مشاورت کے دوران رانا ثناء اللہ نے عامر ڈوگر کو فون کیا اور کہا کہ معاملات کو سیاسی طور پر حل کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ نہیں کی جائے گی، اگر ایسا ہوا تو حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں تحریک انصاف ہر آپشن استعمال کرے گی، تاہم فی الحال قومی اسمبلی سے استعفوں کا فیصلہ نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں:عمران خان بیمار ہیں تو انہیں طبی سہولیات ملنی چاہییں، رانا احسان افضل

گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp