جاپان میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان نے شوٹنگ کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
پاک بحریہ کے غلام مصطفیٰ بشیر نے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کے انفرادی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 کھلاڑیوں کے درمیان تیسری پوزیشن حاصل کی۔
غلام مصطفیٰ بشیر کی اس کامیابی سے پاکستان کے میڈل ٹیبل میں ایک اور تمغے کا اضافہ ہوا، جبکہ بین الاقوامی سطح پر شوٹنگ کے میدان میں ان کی صلاحیتوں کا بھی اعتراف ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز : پاکستان اور بھارت فائنل میں مدمقابل ہوں گے
غلام مصطفیٰ بشیر اس سے قبل بھی عالمی اور اولمپک سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
وہ 3 مرتبہ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کے ساتھ 3 اولمپک مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ان کے کیریئر کی نمایاں کامیابیوں میں 2022 میں مصر کے شہر قاہرہ میں منعقدہ آئی ایس ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں حاصل کیا گیا کانسی کا تمغہ بھی شامل ہے۔
جی ایم بشیر نے ایشین گیمز کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل مقابلے میں 22 پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
ان کی کامیابی سے ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ pic.twitter.com/ukecajgLmd— We News Sports (@WeNews_Sports) October 1, 2026
آئی ایس ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ شوٹنگ کے عالمی سطح کے اہم مقابلوں میں شمار ہوتی ہے۔
غلام مصطفیٰ بشیر کی ایشین گیمز میں کامیابی کو پاک بحریہ اور پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
ان کی مسلسل بین الاقوامی سطح کی کارکردگی نے پاکستانی شوٹنگ کے کھیل میں ملک کی نمائندگی کو مزید نمایاں کیا ہے۔














