پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کے لیبر روم سے نومولود بچے کے مبینہ اغوا کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کی پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی سے اغوا ہونیوالا ڈھائی سالہ بچہ بحفاظت بازیاب، والدہ کی اہم اپیل
متاثرہ خاندان کے مطابق 2 روز قبل خاتون کو زچگی کے لیے ایل آر ایچ لایا گیا جہاں اسے گائنی وارڈ منتقل کیا گیا بعد ازاں اہلخانہ کو بیٹے کی پیدائش کی اطلاع دی گئی تاہم رات گئے انہیں بتایا گیا کہ نومولود اسپتال سے لاپتا ہوگیا ہے۔
متاثرہ والد کے مطابق اطلاع ملنے پر وہ اسپتال پہنچا اور نومولود کو تلاش کیا تاہم بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا اس کا کہنا ہے کہ اس نے اسپتال انتظامیہ اور پولیس سے بچے کی بازیابی کے لیے مدد طلب کی اور پولیس کو درخواست بھی دی۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی کارروائی، 10 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا 12 سالہ بچہ بازیاب
متاثرہ والد نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ دیہاڑی دار مزدور ہے اور اس کے لیے روزگار کے ساتھ تھانے کچہری کے چکر لگانا مشکل ہے۔ اس کے مطابق سرکاری اسپتال میں علاج کم خرچ ہونے کی وجہ سے اپنی اہلیہ کو یہاں لایا تھا تاہم اسے اندازہ نہیں تھا کہ اس کا نومولود بچہ اسپتال سے مبینہ طور پر لاپتا ہوجائے گا۔
دوسری جانب ایل آر ایچ کے ترجمان نے نومولود کے مبینہ اغوا کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی پولیس تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو فراہم کردی گئی ہے جبکہ فوٹیج کی مدد سے مبینہ طور پر بچے کو لے جانے والی خاتون کی تلاش کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ: پولیس نے اغوا ہونے والا بچہ زخمی حالت میں بازیاب کروا لیا، ملزم گرفتار
ایل آر ایچ ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کی جانب سے تاحال ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی جبکہ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے۔














