صومالیہ: قزاقوں کی فائرنگ سے 5 پاکستانی جاں بحق، مقدمہ کس کے خلاف درج کریں، لواحقین

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صومالیہ کے ساحل کے قریب اپریل سے بحری قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 پر فائرنگ نے پاکستانی خاندانوں پر قیامت ڈھا دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہریوں سمیت 5 یرغمالی جاں بحق جبکہ 3 پاکستانی شدید زخمی ہوگئے۔ اپنے پیاروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی خبر نے متاثرہ خاندانوں کو شدید صدمے سے دوچار کردیا ہے جہاں سوگ، بے یقینی اور اذیت کی کیفیت برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کا صومالیہ میں قتل ہونے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کے لیے امداد کا اعلان

صومالیہ کی نیم خودمختار ریاست پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس فورس (پی ایم پی ایف) نے یرغمال بنائے گئے جہاز کی رہائی کے لیے ضلع بندر بیلا کے ساحلی علاقے دھرین بار میں آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے بحری قزاقوں نے جہاز کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 5 افراد موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پنٹ لینڈ فورسز نے کارروائی کے دوران 16 قزاقوں کو گرفتار کرکے جہاز کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

جاں بحق پاکستانی شہریوں کی شناخت

فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں میں سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینیئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان شامل ہیں۔ جان سے جانے والوں میں بھارت اور میانمار کا ایک ایک شہری بھی شامل ہے۔

اہلخانہ کی تڑپ اور احتجاج

یرغمال بنائے گئے ملاحوں کے اہلخانہ اپریل سے اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی کے منتظر تھے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مسلسل اپیلیں کیں جبکہ کراچی میں شاہراہِ فیصل سمیت متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے بھی دیے گئے، جن میں حکومت پاکستان سے اپنے شہریوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔

مزید پڑھیے: صومالیہ کے قریب ہائی جیک ہونیوالے جہاز سے 4 پاکستانی بحفاظت بازیاب، کل کراچی پہنچیں گے

مگر اب فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہریوں سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی افسوسناک خبر سامنے آنے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں شدید غم و صدمے کی کیفیت ہے۔

حکومت سے میتیں فوری وطن واپس لانے کا مطالبہ

غمزدہ خاندانوں اور لواحقین نے حکومت پاکستان، وزارت خارجہ اور وزارت بحری امور سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی میتیں فوری طور پر وطن واپس لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں: صومالیہ میں مغوی جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی شامل، دفتر خارجہ کی تصدیق

لواحقین نے حکومت سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے ملاحوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور ان کے بہترین علاج معالجے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp