محبت سے بریک اَپ تک کا سفر صرف ایک ہفتے میں، ایلون مسک کی پارٹنر کا دعویٰ

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیکنالوجی کی دنیا کے ارب پتی ایلون مسک اور ان کی طویل عرصے سے پارٹنر رہنے والی شیوون زیلس کا تعلق اچانک ختم ہوگیا۔

ایلون مسک کے 4 بچوں کی والدہ زیلس نے دعویٰ کیا ہے کہ مسک نے انہیں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ایک ہفتے کے اندر تعلق ختم کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’انسٹاگرام لڑکیوں کے لیے ہے‘، ایلون مسک کے طنزیہ بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

نیورالنک کی ایگزیکٹو شیوون زیلس نے جمعہ 2 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک تفصیلی پوسٹ میں مسک کے ساتھ اپنے تعلق کے خاتمے کی تصدیق کی۔

زیلس نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ محبت میں ہونے سے ایک ہفتے میں چھوڑ دیے جانے تک کا سفر، وہ بھی بغیر کسی پیشگی اطلاع کے، مشکل ہے، لیکن بعض اوقات حالات ایسے ہی ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ مسک سے بے حد محبت کرتی رہی ہیں اور ان کے ساتھ گزارے وقت اور ان سے حاصل ہونے والے تجربات کو اپنی زندگی کا اہم حصہ سمجھتی ہیں۔

زیلس نے مزید کہا کہ اگرچہ اس تعلق کے خاتمے سے انہیں دکھ پہنچا ہے، تاہم وہ مسک اور اپنے بچوں کے لیے شکر گزار ہیں۔

زیلس کے مطابق وہ اور مسک 4 بچوں کے والدین ہیں اور وہ امید کرتی ہیں کہ مستقبل میں دونوں ’بہترین دوست اور شریک والدین‘ کے طور پر اپنے بچوں کی پرورش جاری رکھ سکیں گے۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 100 ملین ڈالرز کے عوض ایلون مسک سے صلح کرلی

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ مسک کی خوشی کی خواہاں رہیں گی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی رہیں گی۔

شیوون زیلس نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایلون مسک کے ساتھ حالیہ نجی پیغامات کا ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

ان پیغامات کے مطابق 24 ستمبر کو زیلس نے مسک کو بتایا کہ ناشتے پر ان سے ملنا اچھا لگا اور وہ ان سے بہت محبت کرتی ہیں، جس کے جواب میں مسک نے بھی محبت کا اظہار کیا۔

شیئر کیے گئے پیغامات میں مسک نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ وائٹ ہاؤس میں چینی صدر شی جن پنگ کے اعزاز میں ہونے والے عشائیے میں شریک حیات یا اہم پارٹنر کو ساتھ لانے کی اجازت تھی، ورنہ وہ زیلس کو دعوت دیتے۔

رپورٹس کے مطابق یہ پیغامات 24 ستمبر کے ہیں، جبکہ زیلس نے 2 اکتوبر کو تعلق ختم ہونے کا اعلان کیا، ایلون مسک کی جانب سے زیلس کے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید پڑھیں: ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے ذریعے عالمی نظامِ صحت میں انقلابی تبدیلی کی پیش گوئی کردی

شیوون زیلس نیورالنک میں ایگزیکٹو عہدے پر فائز ہیں اور ماضی میں اوپن اے آئی کے بورڈ کی رکن بھی رہ چکی ہیں، وہ مئی 2026 میں اوپن اے آئی سے متعلق مقدمے میں بھی گواہی دے چکی ہیں۔

زیلس اور مسک کے ہاں جڑواں بچے 2021 میں پیدا ہوئے، جبکہ ان کے مزید 2 بچے 2024 اور 2025 میں پیدا ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp