روس کی کیف پر بڑے حملوں کی وارننگ، سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کو شہر چھوڑنے کی ہدایت

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس نے سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں سے ایک بار پھر کیف چھوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے یوکرین کے دارالحکومت پر نئے بڑے حملوں کی وارننگ جاری کردی۔

روسی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ماسکو نے یوکرین کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں کے دوران ڈرونز اور میزائلوں کی مسلسل بارش کی ہے، جبکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کیف پر حملوں میں تیزی آئی ہے اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ہفتے کو جاری بیان میں روسی وزارت خارجہ نے کہاکہ اس سے قبل بھی کیف میں موجود غیر ملکی شہریوں اور سفارتکاروں کو شہر چھوڑنے اور یوکرین کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ ہمیں تشویش ہے کہ ہر کسی نے ان انتباہات پر عمل نہیں کیا اور بعض افراد جان بوجھ کر خود کو جان لیوا خطرے سے دوچار کر رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ روسی مسلح افواج بڑے پیمانے پر جوابی حملے جاری رکھیں گی۔

روسی وزارت خارجہ نے خبردار کیاکہ کسی بھی ممکنہ منفی نتائج کی مکمل ذمہ داری ان افراد پر عائد ہوگی جو اس انتباہ کو نظرانداز کریں گے۔

دوسری جانب جمعہ کو کیف کے میئر وٹالی کلٹسکو نے کہا تھا کہ شہر کو اب جنگی بنیادوں پر تیار رہنا چاہیے کیونکہ دشمن پلوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے ذریعے کیف کو تباہ کر رہا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر الزام عائد کیاکہ وہ شہری علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملوں کی اجازت دے کر مسلح تنازعات کے اصولوں کو پامال کر رہے ہیں، تاہم کریملن نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp