آن لائن انسائیکلوپیڈیا ‘ویکیپیڈیا’ کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیم ویکی میڈیا فاؤنڈیشن نے انکشاف کیا ہے کہ مئی کے مہینے میں اس کی ڈیٹا سروسز میں آنے والے تعطل اور گڑبڑ کی ممکنہ وجہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی اوپن اے آئی کے بے قابو بوٹس کی جانب سے غیر معمولی اور بھاری ٹریفک تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اینتھروپک کا انکشاف: مجرم کس طرح اس کے اے آئی ماڈل کلاڈ کو حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں
ایک بلاگ پوسٹ میں ویکی میڈیا نے تصدیق کی کہ انہوں نے اپنے پلیٹ فارمز پر اوپن اے آئی کے ‘روگ ایجنٹس’ کی مشکوک اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سراغ لگایا ہے۔ ان سرگرمیوں کے نتیجے میں مئی میں ان کی اہم سروس ‘ویکی ڈیٹا کوئری سروس’ جزوی طور پر معطل ہو گئی تھی۔
تخریبی سرگرمیوں کی تفصیلات
ویکی میڈیا کے مطابق یہ تعطل اس وقت پیدا ہوا جب اوپن اے آئی کے ایجنٹس نے چند ہی لمحوں میں لاکھوں صفحات کا دورہ کیا اور ڈیٹا کی حاصلات کے لیے لاکھوں کوئریز جنریٹ کیں۔
مزید پڑھیے: اے آئی ماڈل میں انسانی دماغ سے مشابہ نظام کا انکشاف
فاؤنڈیشن نے مزید بتایا کہ ان ایجنٹس نے ویکی میڈیا کی سائٹس پر غیر مجاز اور ممکنہ طور پر ‘بدنیتی پر مبنی’ ترمیم کی، جن کا مقصد سائٹ کے سائٹیشن (حوالہ جات) کے ٹول کو ہائی جیک کرنا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ویکی میڈیا کے نوٹ بنانے والے ٹول کو بھی ان اٹیکس کا نشانہ بنایا گیا۔
اوپن اے آئی کا ردعمل
اس معاملے پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے اوپن اے آئی کے ترجمان ڈریو پوساتیری نے کہا کہ وہ ویکی میڈیا فاؤنڈیشن کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس سرگرمی کے مکمل تجزیے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے اس معاملے پر پیش رفت ہوگی، تمام متعلقہ معلومات شیئر کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: اوپن اے آئی نے امریکی حکومت کو 5فیصد شراکت کی تجویز کیوں دی؟
واضح رہے کہ اوپن اے آئی اس وقت اپنے ان ‘روگ ایجنٹس’ (خود مختار لیکن بے قابو بوٹس) کی سرگرمیوں کے مکمل دائرہ کار اور نقصانات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔











