عالمی شہرت یافتہ گلوکار فریڈی جیکسن 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف امریکی آر اینڈ بی گلوکار اور گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد فنکار فریڈی جیکسن 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

خاندان کی جانب سے جاری بیان میں فریڈی جیکسن کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔ بیان کے مطابق گلوکار اپنی 70ویں سالگرہ کے صرف تین روز بعد پیر کے روز دنیا سے رخصت ہوئے تاہم ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ بونی ٹیلر انتقال کر گئیں

خاندان نے اپنے بیان میں کہا کہ فریڈی جیکسن صرف ایک لیجنڈری آواز کے مالک نہیں تھے بلکہ ایک مہربان اور فیاض انسان بھی تھے جو اپنے مداحوں، اہل خانہ، دوستوں اور موسیقی سے بے حد محبت کرتے تھے۔

فریڈی جیکسن نے 1980 کی دہائی میں ’Rock Me Tonight (For Old Times Sake)‘ اور ’You Are My Lady‘ جیسے گانوں کے ذریعے غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ ان کی منفرد آواز اور پُرسوز انداز نے انہیں آر اینڈ بی موسیقی کے نمایاں فنکاروں میں شامل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’لہور لہور اے‘ گیت سے شہرت پانے والے معروف گلوکار طارق طافو انتقال کرگئے

نیویارک کے علاقے ہارلم میں پیدا ہونے والے فریڈی جیکسن نے کم عمری میں سول اور گوسپل موسیقی سے وابستگی اختیار کی۔ انہوں نے وائٹ راک بیپٹسٹ چرچ میں گوسپل گائیکی سے اپنے فنی سفر کو آگے بڑھایا، جبکہ بعد ازاں نیویارک کے کلبز میں پرفارم کرتے ہوئے موسیقی کی دنیا میں قدم مضبوط کیا۔

1970 کی دہائی کے اواخر میں وہ Mystic Merlin نامی بینڈ کا حصہ بنے، تاہم بعد میں نیویارک واپس آکر 1985 میں اپنا پہلا البم ’Rock Me Tonight‘ ریلیز کیا، جس نے انہیں راتوں رات آر اینڈ بی موسیقی کے بڑے ستاروں میں شامل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’آج کل تیرے میرے پیار کے چرچے‘ کی گلوکارہ سمن کلیان پور 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

یہ البم پلاٹینم سرٹیفائیڈ ہوا جبکہ فریڈی جیکسن کو اسی البم کے باعث دو مرتبہ گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ انہیں بہترین نئے فنکار اور ’You Are My Lady‘ پر بہترین مرد آر اینڈ بی ووکل پرفارمنس کی کیٹیگری میں نامزدگی ملی۔

ان کا دوسرا البم ’Just Like the First Time‘ بھی 1987 میں ریلیز ہوا اور اسے بھی پلاٹینم کا درجہ حاصل ہوا۔ فریڈی جیکسن 1980 کی دہائی اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں بل بورڈ کے آر اینڈ بی چارٹس پر نمایاں رہے اور ان کے گانے ریڈیو پر بھی مقبول رہے۔

یہ بھی پڑھیں: عابدہ پروین کے انتقال کی افواہیں، بیٹی کا ردعمل بھی آگیا

2024 میں گلوکار نے ایک ویڈیو کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں گردوں کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ بیماری کے سفر میں مشکلات ضرور آئیں، تاہم وہ اس کا مقابلہ حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔

فریڈی جیکسن نے اس وقت نیشنل کڈنی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر گردوں کے مرض سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے کام کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

ان کی آخری رسومات سے متعلق تفصیلات خاندان کی جانب سے آئندہ چند روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp